فارماسٹی متاثرین کی مکمل حمایت ، حکومت پر عوام کو اندھیرے میں رکھنے کا الزام : کویتا
نظام آباد:8؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بشیر باغ پریس کلب میں‘‘فارما سٹی میں کیا ہو رہا ہے’’کے عنوان پر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس منعقد ہوئی۔جس میں تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس) کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے شرکت کی اور احتجاجی کسانوں اور متاثرین کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا۔کویتا نے کہا کہ فارما سٹی کے نام پر حاصل کی گئی زمینیں فوری طور پر کسانوں کو واپس کی جائیں اور‘‘فیوچر سٹی’’کے نام پر جبری اراضی کا حصول کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کو انصاف ملنے تک وہ خود اس جدوجہد کی قیادت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اہم فیصلے خفیہ طور پر لے رہی ہے اور عوام کو اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے سابقہ حکومت اور موجودہ کانگریس حکومت دونوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فارما سٹی کے لئے 13,500 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے دعوے کئے گئے جبکہ بڑے پیمانے پر اسائنڈ زمینیں زبردستی لی گئیں۔ عدالت کی جانب سے حکم التواء کے باوجود حکومتیں آگے بڑھتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ اب‘‘فیوچر سٹی’’کے نام پر 30 ہزار ایکڑ زمین حاصل کرنے کی بات کی جا رہی ہے، مگر نہ روزگار کی وضاحت ہے، نہ ماحولیاتی اثرات کی، اور نہ ہی کسانوں کے مستقبل کا کوئی واضح منصوبہ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ زمینوں کو پلاٹس میں تقسیم کر کے بڑی کمپنیوں کے حوالے کیا جائے گا۔کویتا نے ڈیٹا سنٹرس کے قیام پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس سے آلودگی اور شور میں اضافہ ہوگا، جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں اس پر پابندیاں عائد ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بڑے زمینداروں کو چھوڑ کر قبائلیوں کی زمینیں لی جا رہی ہیں۔