لاپتہ ہوئے امریکی تجارتی طیارہ کا ملبہ مل گیا، تمام ہلاک

   

نیویارک : امریکی ریاست الاسکا میں لاپتہ ہونے والے ایک چھوٹے تجارتی طیارہ کا ملبہ مل گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس چھوٹے طیارہ میں 9 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھا، حادثہ میں کوئی زندہ نہیں بچا۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق طیارہ کا ملبہ سمندر میں جمی برف کے اوپر سے ملا ہے جبکہ 3 لاشیں طیارہ کے اندر سے ملی ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق شام 4 بجے روانہ ہونے والی پرواز مقررہ وقت پر نوم نہیں پہنچی تھی جس کے بعد طیارہ لاپتہ ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکہ میں 2 طیارہ گر کر تباہ ہو گئے تھے۔ امریکی شہر فلاڈیلفیا کے شمال مشرقی علاقہ میں گرنے والے چھوٹے طیارہ کے حادثہ میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل واشنگٹن میں مسافر جہاز اور ہیلی کاپٹر ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 67 افراد ہلاک ہوئے تھے۔