بوتھ کمیٹیوں کے اجلاس سے بھٹی وکرمارکا کا خطاب، شہر کی ترقی کانگریس کی مرہون منت
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے بوتھ کمیٹیوں کے قائدین کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جانے کا ورکرس کو مشورہ دیا ۔ بھٹی وکرمارکا سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے انچارج وزیر ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی چناؤ کی طرح لوک سبھا چناؤ میں بھی کانگریس پارٹی کا مظاہرہ بہتر رہے گا ، بشرطیکہ کارکنوں کو متحدہ طورپر پارٹی کی کامیابی کے لئے مساعی کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پرجا اندراماں راج کے ذریعہ تلنگانہ میں عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی پر مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے برابر ہے ۔ بی آر ایس تلنگانہ میں ووٹ حاصل کر کے نئی دہلی میں بی جے پی کی تائید کرتی ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس نے پارلیمنٹ میں ہر مسئلہ پر بی جے پی کی تائید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ریاست میں قیمتی اراضیات فروخت کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کے ذریعہ فارم ہاؤز تعمیر کئے اور حیدرآباد کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی ترقی اور عوام کی بھلائی کو نظر انداز کرنے والے بی آر ایس قائدین کانگریس حکومت پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں میں شہر کی ترقی کیلئے ایک بھی نیا پراجکٹ تعمیر نہیں کیا گیا ۔ سابق کانگریس حکومت نے حیدرآباد کو کرشنا سے پانی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کی ہے۔ برقی پراجکٹس قائم کرتے ہوئے حیدرآباد میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا گیا۔ آؤٹر رنگ روڈ ، انٹرنیشنل ایرپورٹ ، ہائی ٹیک سٹی اور قومی سطح کے ادارے کانگریس دور حکومت میں قائم کئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی کے وعدہ کے مطابق تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے ۔ کابینہ اور ریاستی اسمبلی میں اس سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ ملک میں تیسری مرتبہ اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ عوام کی بھلائی کے بجائے مخصوص صنعتی گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام طبقات کو انصاف کی فراہمی کیلئے راہول گاندھی نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کا آغاز کیا ہے ۔ 1