لوک سبھا چناؤ میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے نفاذ کیلئے عہدیداروں کو ہدایت

   

دولت، شراب اور ڈرگس پر کڑی نظر رکھی جائے، چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کا ریاستی اور مرکزی اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری(سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے انفورسمنٹ اداروں کے نوڈل آفیسر کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات 2024 ء میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری میں عہدیداروں کے رول کی وضاحت کی ۔ وکاس راج نے سرکاری اداروں کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران دولت ، شراب اور دیگر اشیاء کی منتقلی کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ شراب اور ڈرگس کی دیگر ریاستوں سے منتقلی روکنے کیلئے سرحدی علاقوں میں چوکسی اختیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایکشن پلان تیار کرنا چاہئے تاکہ ضابطہ اخلاق پر موثر انداز میں عمل کیا جاسکے۔ وکاس راج نے ضلع عہدیداروں اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل اور ٹریننگ پروگرامس منعقدکرنے کی تجویز پیش کی ۔ الیکشن شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجاتا ہے جس کے تحت رائے دہندوں میں شراب ، دولت اور کسی شئے کی تقسیم پر پابندی رہتی ہے۔ اجلاس میں ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس ، ریاستی سطح کی بینکنگ کمیٹی ، تلنگانہ پولیس ، انفارمیشن ٹکنالوجی ڈپارٹمنٹ ، ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا ، اسٹیٹ ایویشن ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، پوسٹل ڈپارٹمنٹ ، ریزرو بینک آف انڈیا ، نارکوٹکس کنٹرول بیورو ، سنٹرل ایکسائز ، کمرشیل ٹیکسیس ، ٹرانسپورٹ ، اسٹیٹ ایکسائز ، ریلوے پروٹیکشن فورس ، سی آئی ایس ایف اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اسی دوران وکاس راج نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے 15 مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کے اقدامات سے واقف کرایا۔ 1