مانسون کے دوران عوام کو دشواریوں سے بچانے ایکشن پلان تیار کیا جائے

   

وزیر وینکٹ ریڈی کی ہدایت، سڑکوں اور بریجس کی ہنگامی طور پر تعمیر اور مرمت کا مشورہ
حیدرآباد ۔22 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مانسون کے پیش نظر عوام کو دشواریوں سے بچانے کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ مانسون کے دوران ریاست بھر میں سیلاب اور شدید بارش کی صورت میں سڑکوں کو نقصانات اور دیگر امور پر وزیر عمارات و شوارع نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ریاست کے کسی بھی حصہ میں بارش کے دوران عوام کو کوئی دشواری نہ ہونے پائے۔ عوام کا تحفظ اور سڑکوں کے رابطہ کو برقرار رکھنا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے اعلان کیا کہ مانسون کے لئے محکمہ کی جانب سے ایک جامع منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا جس کے تحت عوام کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں واقف کرانے کے علاوہ عہدیداروں کو ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں ، بریجس ، کلوٹس اور دیگر انفراسٹرکچر کو کسی بھی نقصان کی صورت میں جنگی خطوط پر مرمتی کام انجام دیئے جائیں ۔ مواضعات کے درمیان سڑکوں کا رابطہ ٹوٹنے نہ پائے۔ ریاستی وزیر نے سپرنٹنڈنگ انجنیئرس اور اسسٹنٹ انجنیئرس کو اکتوبر تک چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارش اور سیلاب کی صورت میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ کو تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ہنگامی حالات میں درکار تمام ضروری آلات اور میٹریل تیار رکھیں۔ ایسے علاقوںکی پہلے ہی نشاندہی کرلی جائے جہاں پانی جمع ہونے کا اندیشہ ہو۔ زیر آب آنے والے علاقوں کے بارے میں پہلے سے منصوبہ بندی کی جائے ۔ انہوں نے ٹریفک کے بہاؤں میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے متبادل راستوں کی نشاندہی کرنے کا مشورہ دیا ۔ محکمہ آر اینڈ بی کو چاہئے کہ وہ محکمہ موسمیات کی وقتاً فوقتاً رپورٹ اور پیش قیاسیوں پر نظر رکھیں۔ پولیس ، ریونیو ، اریگیشن اور الیکٹریسٹی محکمہ جات کے ساتھ تال میل برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور پلوں کو نقصان کی صورت میں عوام کی سہولت کیلئے وارننگ بورڈس نصب کئے جائیں اور متبادل سڑکوں کی نشاندہی کی جائے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تعمیری اور مرمتی کاموں کیلئے حکومت کی جانب سے فنڈس جاری کئے جائیں گے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 204 ملی میٹر سے زائد بارش کی صورت میں ریڈ الرٹ کا اعلان کیا جائے ۔ انہوں نے حیدرآباد میں آر اینڈ بی ہیڈکوارٹر پر کنٹرول روم کے قیام کی ہدایت دی جو مانسون کے اختتام تک کارکرد رہے گا۔1/k/m/b