سرکاری خزانے کو 930 کروڑ روپئے کی آمدنی ، ماضی میں سب سے زیادہ 750 کروڑ روپئے کی آمدنی کا ریکارڈ
حیدرآباد :۔ محکمہ رجسٹریشن کو غیر منقولہ ، کھلے پلاٹس ، فلائٹس اور عمارتوں کے رجسٹریشن سے ماہ جنوری میں 930 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ زرعی اراضیات کے رجسٹریشن سے 60.75 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ جس میں تقریبا 600 کروڑ روپئے اضلاع رنگاریڈی ، حیدرآباد ، میڑچل ، ملکاجگری سے ہونے کا اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے ۔ غیر زرعی جائیدادوں کی ریکارڈ سطح پر 1,96,225 دستاویزات اور 48 ہزار زرعی دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا ہے ۔ محکمہ رجسٹریشن میں اوسطاً ماہانہ 600 تا 650 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوتی ہے ۔ اور ایک لاکھ تا 1.20 لاکھ روپئے کے دستاویزات کا رجسٹریشن ہوتا ہے ۔ تاہم اتنی بھاری تعداد میں دستاویزات کا رجسٹریشن ہونا اور آمدنی ہونی پہلی مرتبہ ہوا ہے ۔ سال 2019 مارچ میں سب سے زیادہ 750 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی ۔ مختلف وجوہات کے باعث چند ماہ تک رجسٹریشن کا عمل روک دیا گیا تھا ۔ فی الحال اراضیات کی خرید و فروخت کی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں ۔ زرعی و غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ سب رجسٹرار کے دفاتر میں دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ 21 دسمبر سے ریگولر پلاٹس 29 دسمبر سے ایل آر ایس اور بی آر ایس نا رہنے والے پلاٹس ، عمارتوں وغیرہ کا رجسٹریشن شروع ہوگیا ہے ۔ جس سے غیر منقولہ جائیدادوں کے لین دین میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ماہ دسمبر میں 70 ہزار تک دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا ہے ۔ ماہ جنوری کے آغاز سے رجسٹریشن میں دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔ عہدیداروں کا اندازہ ہے کہ فروری اور مارچ میں بھی اتنے ہی دستاویزات کا رجسٹریشن ہوگا ۔۔