محکمہ اعلیٰ تعلیم کے وفد کا دورہ جرمنی،تلنگانہ کی یونیورسٹیز کے ساتھ اشتراک کے معاہدات

   

حیدرآباد ۔یکم جولائی (سیاست نیوز) محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ سطحی وفد نے ایک ہفتہ طویل جرمنی کے دورہ کے موقع پر وہاں کے اداروں سے اشتراک کے معاہدات کئے ہیں۔ وفد میں سکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر یوگیتا رانا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ انہوں نے 29 جون تا یکم جولائی جرمنی کی تین سرکردہ یونیورسٹیز کا دورہ کرتے ہوئے تعلیم اور ریسرچ کے شعبہ میں اشتراک کا فیصلہ کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں عثمانیہ یونیورسٹی ، کاکتیہ یونیورسٹی ، مہاتما گاندھی یونیورسٹی ، پالمور یونیورسٹی اور ستاواہنا یونیورسٹی کے وائس چانسلرس اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ کے وفد نے جرمنی کی یونیورسٹیز میں تعلیمی نظام کا جائزہ لیا اور تلنگانہ کی یونیورسٹیز کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ وفد نے یونیورسٹیز کے مختلف شعبہ جات اور انفراسٹرکچر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ جرمنی کی یونیورسٹیز کے ساتھ مشترکہ کورسس شروع کرنے اور طلبہ فیکلٹیز کے باہمی تبادلہ کا جائزہ لیا گیا۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے ڈاکٹر یوگیتا رانا نے جرمنی کے عہدیداروں کو واقف کرایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جرمنی کی یونیورسٹیز تلنگانہ کی یونیورسٹیز کے ساتھ تعاون کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یادداشت مفاہمت کے ذریعہ ہندوستان اورجرمنی میں تعلیمی روابط مستحکم ہوں گے۔1/k/m/b