مردم شماری 2027 ، 11 مئی سے تلنگانہ میں آغاز

   

ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ، 16 اپریل سے پورٹل پر عوام کو نام درج کرانے کی سہولت
حیدرآباد ۔10۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مردم شماری 2027 ڈیجیٹل طور پر انجام دی جائے گی۔ 2011 تک مردم شماری کا عمل کاغذات پر انجام دیا جاتا تھا تاہم اس مرتبہ حکومت نے ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں مردم شماری کی ڈائرکٹر بھارتی ہولیکری نے بتایا کہ 11 مئی تا 9 جون مردم شماری کے پہلے مرحلہ میں مکانات کا شمار کرتے ہوئے مردم شماری کی جائے گی جبکہ دوسرا مرحلہ فروری 2027 میں مکمل کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں مردم شماری کے عمل کی بہتر انداز میں تکمیل کے لئے تقریباً 88000 اسٹاف کی خدمات حاصل کی جارہی ہے جن میں شمارکنندہ اور سوپر وائزرس شامل ہوں گے ۔ مردم شماری کے عمل کی کامیابی کیلئے تقریباً 93 تا 94 ہزار ملازمین کو ٹریننگ دی گئی ہے۔ بھارتی ہولیکری کے مطابق سابقہ مردم شماری کے مقابلہ میں مجوزہ مردم شماری کئی منفرد خصوصیات کی حامل رہے گی۔ ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ پہلی مرتبہ ڈیجیٹل موڈ میں مردم شماری کی جائے گی اور شہریوں کے نام شمار کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے سلسلہ میں مردم شماری مینجمنٹ نگرانکار سسٹم تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی ایپ بھی ڈیولپ کئے گئے جس کے ذریعہ ہر گھر کے افراد خاندان کی تفصیلات اپ ڈیٹ کی جائیں گی۔ ڈیٹا کو محفوظ کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جس کے تحت ڈیٹا کے اپ لوڈ ہوتے ہی تفصیلات شمار کنندہ کے ڈیوائیس سے نکل جائیں گی۔ مردم شماری قانون 1948 کے تحت یہ کام مکمل کیا جائے گا اور ڈیٹا پروٹیکشن کے ساتھ ساتھ مکمل رازداری برتی جائے گی۔ مردم شماری کے تحت ذات پات کی مردم شماری بھی کی جائے گی اور ایس سی ، ایس ٹی اور دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے سربراہ کا نام اور ان کا کاسٹ درج کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں یہ کام مکمل ہوگا جبکہ دوسرے مرحلہ میں دیگر افراد خاندان کے نام اور ذات پات کی تفصیلات درج کی جائیں گی۔ مرکزی حکومت نے پہلے مرحلہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت 33 سوالات پر مشتمل سوالنامہ جاری کیا گیا جس پر سارے ملک میں عمل کیا جائے گا۔ بھارتی ہولیکری نے بتایا کہ مردم شماری 2027 کے تحت شہریوں کو اپنے طور پر نام درج کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں خصوصی پورٹل 16 اپریل تا 10 مئی عوام کیلئے دستیاب رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل عوام اور شمارکنندگان دونوں کیلئے آسان رہے گا اور شمارکنندگان مکانات پہنچ کر تفصیلات کی تصدیق کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی گھر اور عمارت مردم شماری میں شامل کئے بغیر نہیں رہے گا اور حکام اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی شہری مردم شماری کے عمل سے دور نہ رہے۔1/k/m/b