ٹاملناڈو میں بھی 84.80 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ شدید گرمی کے باوجود رائے دہندوں کا جوش و خروش۔ رائے دہی پرامن رہی
کولکتہ / چینائی 23 اپریل ( ایجنسیز ) مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں آج اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے گئے جن میں عوام نے کافی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔ مغربی بنگال میں اسمبلی کی جملہ 294 نشستیں ہیں جن میں آج پہلے مرحلے میں 152 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے ۔ اسی طرح ٹاملناڈو میں اسمبلی کی 234 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے ۔ دونوں ہی ریاستوں میں صبح 7 بجے رائے دہی کا آغاز ہوا تھا اور عوام نے جوش و خروش کے ساتھ قطار میں کھڑے ہو کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ شدید گرمی کے باوجود صبح سے ہی پولنگ مراکز پر ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے لیے کل 44,378 پولنگ مراکز قائم کیے گئے تھے ۔مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شام چھ بجے تک ریکارڈ توڑ 91.64 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ جنوبی دیناج پور ضلع میں سب سے زیادہ 94.50 فی صد جب کہ کلیمپونگ ضلع میں سب سے کم 82.89 فی صد ووٹنگ ہوئی۔ اس کے علاوہ علی پور دوار میں 90.28 فی صد، بانکورہ میں 91.34، بیربھوم میں 93.37، کوچ بہار میں 94.12، دارجلنگ میں 87.91، جلپائی گڑی میں 92.85، جھارگرام میں 91.74، مالدہ میں 91.90، مرشدآباد میں 92.76، مغربی بردھمان میں 88.96، مغربی میدنی پور میں 91.69، مشرقی میدنی پور میں 90.19، پرولیا میں 89.26 اور شمالی دیناجپور میں 91.84 فی صد ووٹنگ درج کی گئی۔ریاست میں چند ایک واقعات کے علاوہ ووٹنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔ بیربھوم ضلع میں کانگریس اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ میں کانگریس کا ایک کارکن زخمی ہو گیا۔ جنوبی دیناج پور ضلع کے کمارگنج میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار شبھیندو سرکار پر حملے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی اور ووٹنگ پرامن طریقے سے منعقد ہوئی جن نشستوں پر سخت مقابلہ متوقع ہے ان میں نندی گرام، کھڑگپور، پرولیا، بانکورہ اور جھارگرام شامل ہیں۔اسی طرح ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات میں شام چھ بجے تک 84.80 فی صد ووٹروں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا جو ایک ریکارڈ ہے ۔ووٹنگ کا فیصد ظاہر کرتا ہے کہ ووٹروں نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ ٹاملناڈو میں انتخابات ایک ہی مرحلے میں منعقد ہوئے ۔ ریاست کی تمام 234 نشستوں کیلئے ووٹنگ آج صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام چھ بجے تک جاری رہی۔ شدید گرمی کے باوجود تمام پولنگ مراکز پر صبح سے ہی ووٹر قطاروں میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئے ۔ ریاست کے کرور ضلع میں سب سے زیادہ 92.38 فی صد جب کہ کنیا کماری ضلع میں سب سے کم 75.56 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ چینائی میں 83.36 فی صد ووٹنگ ہوئی۔ ریاست میں جملہ 4,023 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 443 خواتین شامل ہیں۔