مفت پانی کی سربراہی اسکیم سے آؤٹر رنگ روڈ کی آبادیاں محروم

   

حکومت کے نئے احکامات، صرف گریٹر حیدرآباد کے حدود میں اسکیم پر عمل آوری
حیدرآباد۔ حکومت کی جانب سے ماہانہ 20 ہزار لیٹر مفت پانی کی سربراہی اسکیم سے استفادہ کے خواہشمندوں کیلئے ایک بری خبر یہ ہے کہ حکومت نے اسکیم کیلئے صرف گریٹر حیدرآباد کے حدود کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آؤٹر رنگ روڈ کی آبادیوں کو یہ رعایت حاصل نہیں ہوگی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حکومت نے مفت پانی کی سربراہی اسکیم کے وعدہ کے وقت کہا تھا کہ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ آؤٹر رنگ روڈ کی آبادیوں کو بھی اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے اسکیم پر عمل آوری سے قبل ہی فیصلہ میں ترمیم کرتے ہوئے صرف جی ایچ ایم سی حدود کا انتخاب کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود سے باہر کے علاقوں میں اسکیم پر عمل آوری کی صورت میں بلدی نظم و نسق کو مزید 9.08 لاکھ صارفین کا بوجھ عائد ہوگا اور سرکاری خزانہ پر سالانہ 500 کروڑ کا خرچ ہوگا لہذا آؤٹر رنگ روڈ کی میونسپلٹیز میں عوام سے آبرسانی کے بلز موجودہ طریقہ کار کے مطابق وصول کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ جی ایچ ایم سی حدود میں 10.08 لاکھ صارفین کو پانی کی سربراہی انجام دیتا ہے۔ حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں نئی کالونیوں میں پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے بجٹ میں 250 کروڑ کی گنجائش رکھی ہے باوجود اس کے مفت پانی کی سربراہی اسکیم سے آؤٹر رنگ روڈ کے علاقوں کو علحدہ رکھا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جی ایچ ایم سی حدود میں آدھار سے مربوط کرنے والے افراد جنہوں نے جنوری ، فروری اور مارچ کا بل ادا کردیا ہے ان کی رقم نئی اسکیم کے تحت اڈجسٹ کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ تین ماہ میں تقریباً ایک لاکھ صارفین نے آدھار سے مربوط کرایا ہے۔ حکومت کے گائیڈ لائنس کے مطابق تمام گھریلو صارفین کے علاوہ سلم علاقوں کے عوام نئی اسکیم سے استفادہ کے اہل ہیں تاہم انہیں کسٹمر اکاؤنٹ نمبر کو آدھار سے مربوط کرنا ہوگا۔ سلم علاقوں کے صارفین کیلئے میٹر نصب کرنے کی شرط نہیں رہے گی جبکہ دیگر صارفین کو میٹر نصب کرنا لازمی رہے گا۔ حیدرآباد میں 70 فیصد سے زائد صارفین کے پاس واٹر میٹر نہیں ہیں۔ واٹر بورڈ کے اندازہ کے مطابق گریٹر حیدرآباد کے10.08 لاکھ صارفین کو 2.37 لاکھ میٹر نصب کرنے ہوں گے جس کے تحت انہیں ماہانہ 19.92 کروڑ کی بچت ہوگی۔