ملت فنڈ کی جانب سے مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد 21 جنوری ( راست ) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن بالاپور کا مراسلہ وصول ہوا ۔ جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے 22 درخواستیں تدفین کی غرض سے موصول ہوئیں ۔ جملہ 23 مسلم نعشوں کی تکیہ سبیل شاہ داتا صوفی شاہ ؒ میں بعد نماز فجر تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے پڑھائی ۔ جبکہ گاندھی ہاسپٹل سے حاصل شدہ نعش کی نماز جنازہ سید زاہد حسین شاہ قادری نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ مولانا سید معز الدین اشرفی خلیفہ علامہ مدنی میاں اشرفی کے علاوہ صوفی شاہ محمد اکرم حسین چشتی القادری ، سید امیر الدین ، محمد عبدالجبار ، شیخ عبدالمکرم ، سید زبیر ہاشمی ،محمد اعظم موجود تھے ۔ اس موقع پر بشریٰ تبسم نے کہا کہ 2003 سے مسلم نعشوں کی تدفین کا سلسلہ شروع کیا ۔ اس طرح مسلم نعشیں جلنے سے بچ گئی اور اسلامی طریقے پر ان کی تدفین عمل میں لائی گئی ۔ سید عبدالمنان نے مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی ۔ مصری گنج کے عبدالقدیر اور فہیم سلطانہ نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لیے دعا کی ۔ محمد عبدالجلیل نے ورثاء کیلئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہوں ان کو اللہ پاک صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین ۔ محمد اسد اللہ سی ای او وقف بورڈ کی ہدایت پر سید جمیل احمد انسپکٹر سرکل IV محمد عبدالحکیم انسپکٹر سرکل II سجادہ نشین محمد نور خاں تدفین تک قبرستان میں موجود تھے ۔ محمد غوری مسجد کے امام محمد محسن خان نے نماز فجر میں دعا کی اور کہا کہ اللہ پاک آج کی تدفین میں ہماری مدد فرما ۔ آمین ۔۔