امریکہ ۔ ایران جنگ بندی کے باوجود تیل ٹینکرس ہندوستان پہنچنے سے قاصر
حیدرآباد۔9۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ملک میں 15 مئی سے قبل ایندھن کی قیمتوں بالخصوص پٹرول ‘ ڈیزل اور گھریلو پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔مرکزی حکومت کے ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے ا س بات کے اشارے دینے شروع کردئیے ہیں کہ ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں کسی بھی وقت اضافہ کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ ایران۔ اسرائیل و امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود تیل ایندھن کے جہاز ہندستان پہنچنے سے قاصر ہیں۔ ماہرین کے مطابق مرکزی حکومت گھریلو پکوان گیاس کی قیمتوں میں 40تا50 روپئے کے اضافہ کے علاوہ پٹرول کی قیمت میں 10تا15 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں 4تا6 روپئے فی لیٹر اضافہ کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں حکومت کی جانب سے اضافہ نہ کئے جانے کے سلسلہ میں ماہرین کا کہناتھا کہ ملک کی 5ریاستوں میں جاری اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حکومت نے اکسائز ڈیوٹی میں کمی کرتے ہوئے پٹرولیم کمپنیوں کو ہونے والے نقصانات کی پابجائی کے اقدامات کئے لیکن اس کمی کو عوام پر منتقل نہیں کیاگیا اور اب 15مئی سے قبل کسی بھی وقت پٹرول ‘ ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب عالمی بازار میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ سے پٹرولیم کمپنیوں کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ پٹرولیم کمپنیوں کا کہناہے کہ وہ ماہانہ 30ہزار کروڑ کا بوجھ برداشت کر رہی ہیں اور پٹرول کی قیمتوں پر 24 روپئے فی لیٹر کا ان کمپنیوں کو نقصان ہو رہا ہے ۔حالیہ دنوں میں مرکزی حکومت کی جانب سے کمرشیل گیاس سلنڈر کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کیاگیا تھا جس کے نتیجہ میں کمرشیل گیاس پر انحصار کرنے والے تجارتی ادارے بالخصوص ریستوراں وغیرہ شدید متاثر ہوئے ہیں اور اب جبکہ 15مئی سے قبل گھریلو پکوان گیاس ‘ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا منصوبہ تیار کیا جاچکا ہے تو ایسی صورت میں ملک بھر کے تمام شہری متاثر ہوں گے۔3/A/b