ریگولرائزیشن کیلئے اعلیٰ اختیاری کمیٹی، ٹول فری نمبر جاری، وزیر مال سرینواس ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 17 اگست (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ وہ رجسٹریشن قانون کی دفعہ 22A کے تحت ممنوعہ فہرست میں اراضیات اور جائیدادوں کے نام پر عوام کو مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ اراضیات کے رجسٹریشن اور اُنھیں باقاعدہ بنانے کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ ممنوعہ فہرست میں شامل اراضیات اور جائیدادوں سے متعلق مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت نے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ایسی اراضیات اور جائیدادیں جنھیں غلطی سے ممنوعہ فہرست میں شامل کیا گیا، اُنھیں مالکین کے حوالہ کیا جائے گا۔ رجسٹریشن ایکٹ کی دفعہ 22A کے تحت حکومت کو ممنوعہ اراضی کے رجسٹریشن، منتقلی اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی کا اختیار حاصل ہے۔ سرینواس ریڈی کے مطابق اراضی اور جائیداد مالکین سیکشن 22A کے تحت اپنی شکایات ٹول فری نمبر 18005-994788 پر درج کراسکتے ہیں۔ میڑچل ضلع میں سب سے زیادہ 511 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سیکشن 22A کے تحت موجود اراضیات کے رجسٹریشن کی درخواست کی گئی ہے۔ سنگاریڈی ضلع میں 146، حیدرآباد 49 اور سنگاریڈی میں 38 درخواستیں داخل کی گئیں۔ محکمہ کو ریگولرائزیشن کیلئے جملہ 757 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزیر مال نے کہاکہ خانگی اراضیات اور جائیدادوں کے مالکین کو محکمہ کی جانب سے کوئی دشواری نہیں ہوگی اور اُنھیں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ درخواستوں کے ادخال کے بعد عہدیدار دستاویزات کی جانچ کے ذریعہ تنازعات کی یکسوئی کریں گے۔ سرینواس ریڈی نے ممنوعہ فہرست کے نام پر عوام کو ہراساں کرنے کی صورت میں عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو اراضیات اور جائیدادوں کے تحفظ کیلئے دفاتر کے چکر کاٹنے کی زحمت سے بچانے کیلئے ٹول فری نمبر اور اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔V/1/k/b