تمام انتظامات مکملدوپہر ایک بجے تک قطعی نتیجہ کا امکان
حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب کا آج صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور دوپہر ایک بجے تک نتائج جاری ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ نلگنڈہ کے مواضعات میں واقع اسٹیٹ ویر ہاؤزنگ کارپوریشن کے گودام میں ووٹوں کی گنتی کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ایک ہی ہال میں 21 ٹیبلس پر 15 راونڈس میں ووٹوں کی گنتی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ 3 نومبر کو منعقد ہوئے ضمنی انتخاب میں 2,41,855 کے منجملہ 2,25,192 رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے مقابلہ کرنے والے تمام امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں محفوظ کردیا ہے۔ رائے دہی کے اختتام کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو اسٹرانگ روم میں سخت سیکوریٹی میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسر ونئے کرشنا ریڈی کی قیادت میں عہدیداروں نے انتخابی عملہ کو خصوصی تربیت دینے کے علاوہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ کاونٹنگ ٹیبلس کے پاس امیدواروں کے علاوہ ایجنٹس کے بیٹنے کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ صبح 8 بجے امیدواروں یا ایجنٹ کی موجودگی میں اسٹرانگ رومس کھولے جائیں گے۔ پہلے ریٹرننگ آفیسر کے ٹیبل پر پوسٹل بیالٹس کی گنتی ہوگی جس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے 7 منڈلس میں جملہ 298 پولنگ مراکز میں 298 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا۔ ایک گھنٹہ میں 3 تا 4 راونڈس کے نتائج جاری ہوں گے۔ عہدیداروں نے اندازہ لگایا دوپہر ایک بجے تک نتائج برآمد ہوجائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی کے عمل میں پہلے راونڈ میں چوٹ اپل منڈل سے آغاز ہوگا۔ اس کے بعد نارائن پورم، منوگوڑ، چنڈور، مری گوڑم، نامپلی، گٹواپل منڈلس کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ایک راونڈ میں 21 پولنگ مراکز کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ن