عصری ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ گلاسیس متعارف
حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز)صبح بیدار ہونے سے لے کر رات کو سونے تک ہمارا اسمارٹ فون تقریباً ہر وقت ہمارے ہاتھ میں رہتا ہے۔ چاہے کال کرنی ہو، کسی جگہ کا پتہ تلاش کرنا ہو یا تصاویر کھینچنی ہو۔ ہم تقریباً ہر کام کیلئے اپنے فون پر ہی انحصار کرتے ہیں۔ تاہم اب ایک نیا رجحان سامنے آیا ہے جس میں آپ کو اپنا فون نکالنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس کے بجائے آپ کی اپنی عینک ہی یہ کام انجام دے سکتی ہے۔ اسمارٹ گلاسیز کہلانے والی یہ ٹیکنالوجی ڈیجیٹل دنیا کو دیکھنے اور سمجھنے کے ہمارے انداز کو بدل رہی ہے۔ بظاہر یہ عام عینک جیسی ہی لگتی ہے لیکن یہ شاندار خصوصیات سے بھرپور ہوتی ہے۔ اس میں بِلٹ اِن کیمرہ، مائیکرو فون، اسپیکر اور سینسرز کے ساتھ ساتھ ایک چھوٹا ڈسپلے بھی ہوتا ہے جو معلومات کو بالکل آپ کو اپنی آنکھوں کے سامنے پیش کرنا ہے۔ عام عینکوں کے برعکس یہ اسمارٹ عینکیں ایک چھوٹے کیمرے، مائیکرو فون، اسپیکر اور سینسرز سے لیس ہوتی ہیں۔ انہیں پہن کر آپ اپنے ہاتھ میں فون پکڑے بغیر کال کرسکتے ہیں یا موسیقی سن سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ آپ اپنی آنکھوں کے سامنے موجود خوبصورت مناظر کو تصاویر یا ویڈیوز کی شکل میں محفوظ کرسکتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت (AI) کے انضمام نے ان اسمارٹ گلاسز کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔(ش)