مودی نے 25 سالوں تک مسلسل ملک کی خدمت کی ہے، بی جے پی رکن پارلیمان ڈاکٹر سنجے جیسوال کا بیان
بیتیا۔ 12 ستمبر (یواین آئی) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال نے ہفتہ کے دن کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے آئینی عہدہ پر 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر پارٹی کی جانب سے 17 ستمبر سے 17 اکتوبر تک پورے ملک کے ساتھ مغربی چمپارن ضلع میں بھی ’سیوا سنکلپ مہم‘چلائی جائے گی۔ ڈاکٹر جیسوال نے آج یہاں بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے آئینی عہدہ پر رہتے ہوئے 25 سال کے دوران مسلسل ملک کی خدمت کی ہے ۔ ان کی خدمت اور وقف جذبہ کو عوام تک پہنچانے کے مقصد سے مہم کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ مہم کا آغاز 17 ستمبر کو وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر ہوگا۔ اس دن مرکزی اور ریاستی حکومت کی مختلف اسکیموں کے مستفیدین سے اپنے اپنے گھروں میں چراغ روشن کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں وسیع پیمانے پر صفائی ستھرائی کی مہم چلائی جائے گی اور لوگوں کو صفائی کے تئیں بیدار کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ جیسوال نے کہا کہ مہم کے دوران آنگن واڑی مراکز کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔ پارٹی کارکنان ان مراکز پر پہنچ کر دستیاب سہولیات اور بچوں کو مل رہی خدمات کی معلومات حاصل کریں گے ۔ اس کے علاوہ طلباء کے درمیان ڈرائنگ اور تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے ، جن کے ذریعہ انہیں ملک، ترقی اور خدمت سے جڑے موضوعات کے تئیں بیدار کیا جائے گا۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سات اکتوبر کو ’سیوا جیوتی یاترا‘ نکالی جائے گی۔ یاترا کے ذریعہ وزیر اعظم مسٹرمودی کے 25 سال کی عوامی زندگی اور ملک کی خدمت سے جڑے کاموں کی معلومات لوگوں تک پہنچائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی عوامی بیداری مہم چلا کر لوگوں کو ’سیوا سنکلپ مہم‘کے مقاصد سے آگاہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر جیسوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے ۔
’سیوا سنکلپ مہم‘کا مقصد معاشرے کے مختلف طبقات تک رسائی حاصل کرنا اور خدمت و عوامی فلاح کے جذبہ کو مزید مضبوط کرنا ہے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے نارائن ساہ، بی جے پی ضلع صدر روپک کمار شریواستو، سابق ایم ایل اے اماکانت سنگھ، بی جے پی لیڈر منا تیواری، روی سنگھ اور پنا لال ساہ سمیت دیگر لوگ موجود تھے ۔