میدک ۔19 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار سے جوڑنے کے مقصد سے میدک ملی ایسوسی ایشن MMA کے زیرِ اہتمام کولچرم منڈل مرکز میں خواتین کیلئے سلائی کی تربیت کا مرکز قائم کیا گیاجس کا افتتاح میدک ملی اسوسی ایشن کے صدرالحاج ڈاکٹر عمر خان عکاظ، کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ تربیتی کلاسیں روزانہ صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہیں گی اور مقررہ تین ماہ کی مدت میں تربیت مکمل کی جائے گی۔ تربیت میں شرکت کے لیے کسی ذات یا مذہب کی کوئی پابندی نہیں ہے، بلکہ سلائی سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والی تمام خواتین اپنے نام درج کرا سکتی ہیں۔تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والی امیدواروں کو باقاعدہ سرٹیفکیٹس بھی فراہم کیے جائیں گے، جس سے انہیں مستقبل میں روزگار یا اپنا چھوٹا کاروبار شروع کرنے میں سہولت حاصل ہوگی۔اس موقع پر ایم ایم اے قائدین سید ظفر اللہ طاہر،سید سعادت علی ذکی،خواجہ صدیق محی الدین موجود تھے۔، علاوہ ازیںناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند میدک ضلع محترمہ عرشیہ ناز،اِنسٹرکٹر محترمہ احمدی بیگم،انچارج ثانیہ سمیرا مقامی حضرات عارف الدین،محمدقدیر،حامد،ارشد بھی شریک تھے۔