میڈارم جاترا کیلئے پولیس کے غیر معمولی انتظامات

   

ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع
حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے میڈارم کی سمکا سارالماں جاترا کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ پولیس نے جاترا میں شرکت کیلئے آنے والے افراد کو ٹریفک جام سے بچانے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ پولیس نے لاکھوں افراد کی موجودگی کے پیش نظر کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کی تیاری کرلی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اعلیٰ عہدیداروں نے ضلع پولیس حکام کے ساتھ متواتر اجلاس منعقد کرتے ہوئے ٹریفک ڈائیورشن، پارکنگ اہم شخصیتوں کو سیکوریٹی اور جرائم کی روک تھام جیسے اُمور پر اہم فیصلے کئے۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 9 ہزار ملازمین پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ جاترا میں 1.25 کروڑ افراد شرکت کریں گے اور 3.5 لاکھ خانگی گاڑیوں کی آمد ہوسکتی ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے 4 ہزار خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں۔ صورتحال کی نگرانی کیلئے 382 سی سی ٹی وی کیمرے، 2 ڈرون کیمرے اور 20 ڈسپلے بورڈز نصب کئے گئے۔ کمانڈ کنٹرول سنٹر 24 گھنٹے کارکرد ہے۔ 33 پارکنگ مقامات اور 37 گاڑیوں کو روکنے کے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔ ہر 4 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ایک چیک پوسٹ قائم کیا گیا ہے۔ ہر دو کیلو میٹر پر آؤٹ پوسٹ قائم کیا گیا۔ موبائیل پٹرولنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ محکمہ کی جانب سے ماسک اور سنیٹائزر کٹس، پولیس اسٹاف اور عہدیداروں کو سربراہ کئے جارہے ہیں۔ 50 پبلک انفارمیشن سنٹرس قائم کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس ایس ایس پاٹل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ر