فیفا ورلڈ کپ کوارٹرز میں بلجیم کو 1-2 سے شکست ۔ پہلا سیمی فائنل 14 جولائی کو فرانس ۔ اسپین ہوگا
اِنگلووڈ (کیلیفورنیا)، 11 جولائی (یو این آئی) ’سوپر سب‘ میکل میرینو کے آخری لمحات میں گول کی بدولت اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بلجیم پر 2-1 سے جیت درج کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری بار ہے جب اسپین نے آخری چار میں جگہ بنائی ہے ۔ جمعہ کی رات کھیلے گئے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچ میں اسپین کی جانب سے فابیان روئز اور میکل میرینو نے گول کیے ۔ وہیں بلجیم کی طرف سے واحد گول چارلس ڈی کیٹیلیئر نے داغا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کیے ۔ اسپین کی جانب سے فابیان روئز نے 30 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے 11 منٹ بعد بلجیم نے چارلس ڈی کیٹیلیئر کے 41 ویں منٹ کے گول کی بدولت اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ ایسے میں میچ جب اضافی وقت کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا، اسی دوران بلجیم کے گول کیپر تھیباؤٹ کورٹوئس چوٹ کی وجہ سے 71 ویں منٹ میں میدان سے باہر چلے گئے ۔ ان کی جگہ آنے والے سین لیمینس 88 ویں منٹ میں میکل میرینو کے گول کو نہیں روک سکے ۔ اس فیصلہ کن گول نے اسپین کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ اس جیت کے ساتھ اسپین نے مسلسل 36 واں میچ بغیر کسی شکست کے مکمل کیا اور اٹلی کے 37 میچوں کے ریکارڈ کے قریب پہنچ گیا۔ اسپین اب منگل کو 14 جولائی کو سیمی فائنلز میں فرانس کا سامنا کرے گا۔ بلجیم پر جیت کے بعد اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے نے کہا، ’’یہ ہماری ٹیم کے جذبے کا نتیجہ ہے ۔ اتنی سرشار اور مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کا کوچ ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ ہم فرانس کو ہرا سکتے ہیں۔ ہم اس کے لیے پوری محنت کریں گے ۔ ہماری ٹیم دو مرتبہ فرانس کو ہرا چکی ہے ۔ اب ایک زبردست ٹیم کا سامنا دوسری بھی زبردست ٹیم سے ہوگا۔‘‘ میچ وننگ گول کرنے والے میکل میرینو نے کہا، ’’میں بے حد خوش ہوں۔ شاید ایسا موقع دوبارہ کبھی نہ ملے ۔ ہم ورلڈ کپ جیتنے سے صرف دو میچ دور ہیں۔ یہ خواب سچ ہونے جیسا ہے ‘‘۔