نظام آباد میں نماز استسقاء کی ادائیگی، روحانی منظر

   

گناہوں سے سچی توبہ، کثرتِ استغفار اور صدقہ و خیرات کی تلقین، بارانِ رحمت کیلئے دعائیں، مفتی سعید اکبر کا خطاب

نظام آباد۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ریاست تلنگانہ میں جاری خشک سالی اور بارش کی مسلسل کمی کے پیشِ نظر بارانِ رحمت کے نزول اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے عیدگاہِ جدید، قلعہ شانتی نگر، نظام آباد میں نمازِ استسقاء و دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہر کے ہزاروں مسلمانوں، بالخصوص بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے عاجزی و انکساری کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور دستِ دعا بلند کیے۔ نمازِ استسقاء کی امامت جامع مسجد نظام آباد کے امام و خطیب حضرت مفتی سعید اکبر نے فرمائی۔ نماز کے بعد ملک و ملت کی خیر و عافیت، خشک سالی کے خاتمے اور موسلا دھار، نفع بخش بارش کے نزول کے لیے رقت آمیز اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی سعید اکبر نے کہا کہ نمازِ استسقاء سنتِ نبوی ﷺ ہے، جس کے ذریعے بندے عاجزی، توبہ، استغفار اور اجتماعی دعا کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے اس کی رحمت طلب کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے گناہوں سے سچی توبہ کریں، کثرت سے استغفار اور صدقہ و خیرات کا اہتمام کریں تاکہ اللہ تعالیٰ اپنی بے پایاں رحمت کے دروازے کھول دے اور خشک سالی کا خاتمہ کرتے ہوئے خطے پر موسلا دھار اور رحمت والی بارش نازل فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہر شخص کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں رجوع کرتے ہوئے اپنی اصلاح اور نیکی کے اعمال کو اختیار کرنا چاہیے۔ اجتماعی دعا میں اللہ تعالیٰ سے ریاست تلنگانہ سمیت پورے ملک پر بارانِ رحمت نازل فرمانے، خشک سالی کا خاتمہ کرنے، کھیتوں، باغات اور آبی ذخائر کو سیراب کرنے اور تمام مخلوق پر اپنی رحمت و برکت کا نزول فرمانے کی خصوصی التجا کی۔ اس موقع پر نمازیوں کی جانب سے انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں مانگی گئیں۔ عیدگاہ و قبرستان کمیٹی کی جانب سے نماز میں شریک افراد کے لیے پینے کے پانی کا مناسب انتظام کیا گیا تھا، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی جانب سے بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ نمازِ استسقاء میں مسلمانوں کی بڑی تعداد میں شرکت اور بارانِ رحمت کے لیے اجتماعی دعا سے شہر میں دینی و روحانی جذبے کی بھرپور عکاسی ہوئی۔