نقلی بیجوں کے خلاف راچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی

   

ذخیرہ ضبط، تین ٹھکانوں پر پولیس کے دھاوے، مزید ٹھکانوں پر دھاوے متوقع
حیدرآباد۔ نقلی و غیر معیاری ایکسپائری بیجوں کے خلاف راچہ کنڈہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر نقلی بیجوں کے ذخیرہ کو بے نقاب کردیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم اور حیات نگر پولیس نے علحدہ کارروائیوں میں تین ٹھکانوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک کروڑ 15 لاکھ روپئے مالیتی نقلی بیجوں کو ضبط کیا۔ کپاس ، مرچ اور دالوں کے بیجوںکو ایکسپائری تاریخ کے بعد بھی نئے انداز میں پیاکنگ کرتے ہوئے فروخت کیا جارہا تھا۔ اس خصوص میں کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حیات نگر کے علاقہ سے ایک شخص 60 سالہ گوپال کمل کشور شکلا ساکن موسی رام باغ کو گرفتار کیا گیا جو حیات نگر میں واقع ایک گودام میں بیجوں کا ذخیرہ کئے ہوئے تھا۔ اس شخص نے گودام میں مختلف دالوں کے بیجوں کو مبینہ طور پر ملاوٹ کے ذریعہ پیاکنگ کررہا تھا تاکہ اسے مارکٹ میں فروخت کیا جاسکے۔ جبکہ دوسری کارروائی میں 40 سالہ جی بھانی گوپال ساکن کلا نگر حیات نگر کو گرفتار کرلیا گیا جس نے مرچ کے بیجوں کی ذخیرہ اندازی کی تھی اور دھوکہ دہی کا مرتکب بنا۔ تیسری کارروائی میں کپاس کے بیجوں کے ذخیرہ کو بے نقاب کیا گیا جو فصلوں کی پیداوار کے لئے تیار کئے جارہے تھے۔ یہ بیج ناقص تھے جن کی نئے انداز میں پیاکنگ جاری تھی۔ پولیس نے اس کارروائی میں 58 سالہ کے وینکٹ رمنا بابو ساکن چنتل کنٹہ کو گرفتار کرلیا جبکہ 45 سالہ ویرانجیلو مفرور بتایا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ بیجوں کا کاروبار کرنے والے ان افراد نے لائسنس حاصل کیا تھا تاہم ایک برانڈ کیلئے لائسنس حاصل کرنے کے بعد دوسرے برانڈ کیلئے بغیر لائسنس کے دھوکہ دہی کا کاروبار کررہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ مختلف ڈیلرس سے پرانی ایکسپائری اشیاء کو حاصل کرنے کے بعد ان کی پیاکنگ پر موجود تاریخ کو مٹا کر نئی تاریخ درج کی جاتی اور اسے مارکٹ میں فروخت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راچہ کنڈہ پولیس ایسے اقدامات کے خلاف مزید کارروائیاں انجام دے گی۔