نو نامزد ایم ایل سیز کی حلف برداری نہیںہوسکی ‘ صدر نشین علیل

   

آج حلف برداری کا امکان ۔ نامزدگی پر بی آرا یس کا اعتراض مسترد : پروفیسر کودانڈا رام

حیدرآباد۔29 جنوری(سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی کی ناسازیٔ صحت کی بناء پر جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈا رام کی حلف برداری تقریب نہیں ہوسکی۔ نو نامزد ارکان کونسل پروفیسر کودنڈا رام اور جناب عامر علی خان حلف برداری کیلئے آج کونسل پہنچے جہاں سیکریٹری امور مقننہ مسٹر نرسمہا چاریلو نے انہیں صدرنشین کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی کی صحت کی خرابی کے متعلق مطلع کیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدرنشین کونسل سے 30 جنوری بروز منگل صبح 9:30کا وقت طلب کیا گیا ہے تاکہ حلف برداری کا عمل مکمل کیا جاسکے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے بی آر ایس قائدین کی جانب سے ان کی نامزدگی پر اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دستور سے ناواقف لوگ گورنر کے فیصلہ پر اعتراض کر رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ اگر دستور کا مطالعہ کرلیتے تو وہ گورنر کے فیصلہ پر اعتراض سے گریز کرتے اور گورنر کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے۔ انہو ںنے بتایا کہ قانون ساز کونسل اراکین کی نامزدگی کی سفارش حکومت نے کی اور گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے سفارش کئے گئے ناموں کا دستور کے دائرہ میں جائزہ لینے کے بعد ہی منظوری دی ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام ریڈی نے بتایا کہ وہ 30جنوری صبح 9:30 بجے حلف برداری کیلئے سیکریٹری تلنگانہ امور قانون ساز اور صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی سے خواہش کرچکے ہیں اور اس سلسلہ میں انہیں اطلاع دی جاچکی ہے۔3