وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں توسیع دینے کا منصوبہ

   

جگن موہن ریڈی کی قائدین سے مشاورت، پارٹی کے حامی متحرک
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی سربراہ سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تلنگانہ میں پارٹی کو سرگرم کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ جگن موہن ریڈی کے دورۂ حیدرآباد کے تناظر میں ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے احیاء کی سرگرمیوں کے بارے میں سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جگن موہن ریڈی نے دونوں تلگو ریاستوں میں پارٹی کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میں انہوں نے اپنے قریبی رفقاء سے اس مسئلہ پر بات چیت کی اور کانگریس کے ناراض قائدین کو شمولیت کے لئے ترغیب دینے کا مشورہ دیا۔ جگن موہن ریڈی نے گزشتہ دنوں دورۂ حیدرآباد کے موقع پر تلنگانہ میں پارٹی کی توسیع کے سلسلہ میں عبوری ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں موجود پارٹی کے تمام حامیوں کو دوبارہ متحرک ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کانگریس کے ناراض قائدین سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں شمولیت کی ترغیب دی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں وائی ایس آر کانگریس امور کی ذمہ داری اپنی اہلیہ وائی ایس بھارتی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو حیدرآباد میں قیام کرتے ہوئے پارٹی امور کی نگرانی کریں گی۔ جگن موہن ریڈی کے دورہ کے بعد سے سیاسی حلقوں میں آئندہ الیکشن تک وائی ایس آر کانگریس کی سرگرمیوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس علیحدہ تلنگانہ تحریک کے ذریعہ نئی ریاست حاصل کرنے والی بی آر ایس پارٹی سے سیاسی طور پر مفاہمت کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 1؍F