وزراء فون تک نہیں اٹھاتے ، پوچارام سرینواس ریڈی کی ناراضگی

   

عوامی مسائل نظرانداز، ترقیاتی کام ٹھپ، حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
حیدرآباد : 13 اپریل ( سیاست نیوز) بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے کے الزامات کا سامنا کرنے والے بانسواڑہ حلقہ اسمبلی کے سینئر رکن اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے ریاستی حکومت کی طرز حکمرانی پر شدید تنقید کرتے ہوئے بعض وزراء کے عوامی مسائل کے تئیں غیر سنجیدگی پر کھلے عام ناراضگی کا اظہار کیا جو سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہے ۔ اسپیکر اسمبلی نے بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے 10 ارکان اسمبلی کو پہلے ہی کلین چٹ دے دیا ہے مگر اُن 10 ارکان اسمبلی میں ایک رکن اسمبلی مہپال ریڈی ( پٹن چیرو) پہلے ہی بی آر ایس میں لوٹ چکے ہیں ۔ ماباقی 9 ارکان اسمبلی حکومت اور پارٹی میں اہمیت نہ ملنے پر ناراض ہیں ۔ مقامی سطح پرکانگریس کیڈر اور ان کے کیڈر کے درمیان ٹکراؤ جاری ہے بلکہ سردجنگ جیسی صورتحال دیکھی جارہی ہے ۔ کانگریس کے سینئر قائد ٹی جیون ریڈی نے اس طرح کی صورتحال کی وجہ سے کانگریس کے خلاف بغاوت کی ہے ۔ اب سابق اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے حکومت کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کو چھیڑ دی ہے ۔ پوچارام سرینواس ریڈی نے ورنی منڈل میں سدا پور آبی ذخائر کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے وزراء کو فون کرتے ہیں تو اکثر جواب تک نہیں ملتا جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ یہ کیسی طرز حکمرانی ہے ۔ وہ جب وزیر تھے آدھی رات تک بھی عوامی نمائندو ںکے فون کالس کا جواب دیتے تھے ۔ انہوں نے زیرالتواء بلز پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ کنٹراکٹرس کے بلز جاری نہ ہونے کی وجہ سے ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں ۔ 2/m/b