وزیراعظم مودی سی اے اے پر پانچ ناقدین کیساتھ مباحث کی تجویز کیوں قبول نہیں کررہے ہیں ؟چدمبرم

,

   

نئی دہلی ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد و سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی حکومت اس تجویز کو کیوں قبول نہیں کررہی ہیکہ شہریت ترمیمی قانون پر وہ پانچ ناقدین کے ساتھ کھلے مباحث کریں اور عوام کو اس پر فیصلہ اخذ کرنے کا اختیار دیں۔ چدمبرم نے کہا کہ انہوں نے یہ تجویز پیش کی ہیکہ وزیراعظم نریندر مودی پانچ سرکردہ ناقدین کا انتخاب کریں اور ان کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن رکھیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیوں وزیراعظم اور ان کی حکومت اس تجویز کو قبول نہیں کررہی ہے۔ پانچ ناقدین کو شہریت ترمیمی قانون اور این پی آر پر وزیراعظم کو مباحث کا موقع دیں اور اس پروگرام کو لائیو ٹیلیکاسٹ کیا جائے۔ اس کے بعد عوام کو فیصلہ کرنے دیجئے۔ اپنے ٹوئیٹ میں چدمبرم نے کہا کہ ہوم منسٹر امیت شاہ نے شہریت ترمیمی قانون پر مباحث کا اپوزیشن کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیا اپوزیشن یعنی مخالفت نہیں ہے جو ماہرین تعلیم، مصنفین، فنکار، طلبہ اور نوجوان 12 ڈسمبر سے کررہے ہیں۔
شہریت ترمیمی قانون سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کا اپوزیشن پر الزام عائد کرنے کے بجائے امیت شاہ نے مباحث کا راہول گاندھی (کانگریس)، ممتابنرجی (ترنمول کانگریس)، اکھیلیش یادو (سماج وادی پارٹی) اور مایاوتی (بہوجن سماج پارٹی) کو چیلنج کیا ہے۔