SIR مہم میں چوکسی ضروری ، کسی بھی اہل ووٹر کا نام حذف ہونے نہ پائے: میناکشی نٹراجن
حیدرآباد ۔22 ۔ جون (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ SIR مہم کے دوران ہر رائے دہندے کے ووٹ کا تحفظ کرنے کی ضرورت ہے ، لہذا عوام کے ساتھ کانگریس کارکنوں کو بھی چوکس رہتے ہوئے مہم میں ناموں کو حذف کرنے کی سازش کو ناکام بنانا چاہئے۔ میناکشی نٹراجن ہنمکنڈہ ضلع کے ورنگل ویسٹ اسمبلی حلقہ میں بوتھ سطح کے ایجنٹس اور بوتھ انچارجس کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں کو ووٹ سے محروم کرنے کی بی جے پی حکومت کی سازش کو ناکام بنانا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ پارٹی کارکنوں کو چاہئے کہ وہ گھر گھر پہنچ کر عوام میں شعور بیداری کام انجام دیں اور بوتھ لیول آفیسرس کی آمد کے موقع پر ناموں کی جانچ میں تعاون کریں۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے ذریعہ بی جے پی نے مختلف ریاستوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تلنگانہ اور دیگر ریاستوں میں ایس آئی آر مہم کا مقصد کانگریس کے ووٹرس کے ناموں کو فہرست سے حذف کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں بی جے پی کے اشارہ پر کام کر رہا ہے اور SIR مہم کے ذریعہ مخالف بی جے پی ووٹ فہرست سے خارج کئے جارہے ہیں۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ مہم کے دوران ذرا سی غفلت سنگین نقصانات کا سبب بن سکتی ہے اور ایک مرتبہ فہرست رائے دہندگان سے نام کے اخراج کے بعد دوبارہ شمولیت میں دشواری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہے ،لہذا کارکنوںکو گھر گھر پہنچ کر اپنے حامیوں کے ووٹوں کا تحفظ کرنا چاہئے۔ نٹراجن نے کہا کہ ووٹ چوری اور سیٹ چوری کے بعد بی جے پی سیاسی پارٹیوں کی چوری میں ملوث ہے۔1/k