وینکٹ ریڈی نے ریونت ریڈی حکومت گرانے کی سازش کی بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کا الزام

   

حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی نے یہ کہتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے کہ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریونت ریڈی حکومت کو گرانے کیلئے کانگریس کے 22 ارکان اسمبلی کی تائید کا پیشکش کیا تھا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کوشک ریڈی نے کہا کہ درمیانی افراد کے ذریعہ وینکٹ ریڈی نے یہ پیام پہنچایا کہ اگر بی آر ایس ریونت ریڈی حکومت کو گرانے کیلئے تیار ہے تو وہ کانگریس کے 22 ارکان اسمبلی کی تائید پیش کریں گے۔ کومٹ ریڈی نے ان سے خواہش کی کہ اس مسئلہ پر بی آر ایس قیادت سے بات چیت کریں لیکن کوشک ریڈی نے پارٹی سربراہ یا کسی اور سے اس بارے میں بات چیت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے ان سے ملاقات کی واضح کیا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ریونت ریڈی حکومت کے زوال کی صورت میں چیف منسٹر بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ کوشک ریڈی نے کہا کہ وہ عقبی راستہ سے چیف منسٹر بننے کی وینکٹ ریڈی کی کوششوں کی تائید نہیں کرسکتے کیونکہ ان کے نزدیک وینکٹ ریڈی ایک سنجیدہ سیاستداں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے انتخابی وعدوں پر عمل آوری کیلئے مزید وقت حاصل کرنے کیلئے 15 اگسٹ کی تاریخ مقرر کی ہے۔ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ الیکشن کے فوری بعد کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات کی معافی کا وعدہ پورا کریں۔1