ٹی آر ایس غنڈوں اور لٹیروں کی پارٹی : وائی ایس شرمیلا

   

پدیاترا روکنے کے لیے پہلے دباؤ ڈالا گیا ، پھر بس کو نذر آتش کیا گیا
حیدرآباد ۔ 3 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا نے کہا کہ میری پدیاترا کو حاصل ہونے والی عوامی تائید سے حکمران ٹی آر ایس خوفزدہ ہے ۔ پہلے پدیاترا روکنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا ۔ ان کی جانب سے مسترد کردینے پر بس کو نذر آتش کردیا گیا ۔ شرمیلا نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین مجھے آندھرا کی دختر قرار دے رہے ہیں پھر ریاستی وزیر کے ٹی آر کی شریک حیات کو کیوں قبول کیا جارہا ہے جب کہ وہ بھی آندھرائی دختر ہے ۔ ان کے حیدرآباد اور تلنگانہ سے گہرے تعلقات ہیں ۔ عوامی تائید سے محروم ہوجانے والی ٹی آر ایس اپنی بات منوانے کے لیے غنڈہ گردی کررہی ہے جس سے وہ ہرگز بھی خوفزدہ نہیں ہوں گی اور اتوار کو دوبارہ وہیں سے اپنی پدیاترا کا آغاز کریں گی جہاں پر پدیاترا روکی گئی تھی ۔ شرمیلا نے کہا کہ تلنگانہ کی پولیس صرف ٹی آر ایس کی حد تک فرینڈلی ہے ۔ وائی ایس آر پارٹی کارکنوں پر پولیس نے بے تحاشہ لاٹھی چارج کیا ہے ۔ انہیں پدیاترا روکنے کے لیے تین اے سی پیز بار بار دباؤ ڈال چکے ہیں ۔ جہاں پر بھی بدعنوانیاں ہوں گی وہ آواز اٹھائیں گی ۔ ٹی آر ایس میں تلنگانہ کے لیے تحریک چلانے والوں کو بیدخل کردیا گیا ہے ۔ مخالف تلنگانہ قائدین کو وزارت میں شامل کیا گیا ہے ۔ ایوانوں کا رکن بنایا گیا ہے اور دیگر اہم عہدے دئیے گئے ہیں ۔ کالیشورم پراجکٹ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ پروٹیکشن وال بھی صحیح طریقہ سے تعمیر نہیں کی گئی ۔ کنٹراکٹ کے نام پر عوام کی دولت کو لوٹ لیا گیا ہے ۔۔ ن