پجارا 6000 رنز مکمل کرنے والے گیارہویں ہندوستانی کھلاڑی

   

سڈنی : ہندوستانی ٹیم جس نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹسٹ میں میزبان ٹیم کو شاندار مظاہروں کے ذریعہ امکانی کامیابی سے دور رکھا اور اس مقابلہ میں اہم رول ادا کرنے والے قومی میڈل آرڈر بیٹسمین چیٹیشور پجارا نے اپنے نام ایک اور اعزاز درج کروالیا ہے۔ پجارا نے اس مقابلہ میں 6000 ٹسٹ رنز مکمل کرلئے ہیں اور اس طرح وہ 6000 رنز مکمل کرنے والے گیارہویں ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ 32 سالہ اسٹار بیٹسمین نے یہ اعزاز سڈنی ٹسٹ کے آخری دن 76 ویں اوورس میں اسپنر لیتھن لیون کی گیند پر چوکا مار کر اپنے نام کیا۔ اس سے قبل سنیل گواسکر، ویراٹ کوہلی، سچن تنڈولکر، ویریندر سہواگ اور راہول ڈراویڈ نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ اس کے علاوہ وی وی ایس لکشمن، سورو گنگولی، دلیپ ونگسرکر، محمد اظہرالدین اور گنڈپا وشواناتھ نے بھی یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ پجارا نے 80 ٹسٹ مقابلوں میں تاحال 18 سنچریوں اور 27 نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں جبکہ سڈنی ٹسٹ میں آج ان کی جانب سے اسکور کی جانے والی نصف سنچری نے ہندوستان کیلئے مقابلہ ڈرا کروانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔