پداپلی میں آسرا وظائف کی تقسیم

   


پداپلی۔ 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برائے محکمہ بہبود کپولا ایشور نے کہا کہ غریبوں کو باوقار زندگی فراہم کرنے کے لئے آسرا پنشن اسکیم کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ کے سی آر کے احکامات کے مطابق آسرا پنشن کے لئے حد عمر میں کمی کرتے ہوئے 57 سال کرنے پر 10 لاکھ نئے پنشن منظور کئے گئے ہیں۔ دھرمارم منڈل کے ایم پی ڈی او آفس میں منعقدہ آسرا پنشن کے تقسیم پروگرام میں ریاستی وزیر بہبود نے شرکت کی۔ نئے پنشن کارڈس کو ملاکر دھرماپوری اسمبلی حلقہ میں جملہ 60 ہزار افراد کو آسرا پنشن فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ کے سی آر کا وزیر موصوف نے شکریہ ادا کیا۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ ریاست بھر کے ہر آسرا مستحق کو آسرا شناختی کارڈ کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پینے کے پانی کے مسئلہ کے تدارک کے لئے ہر گھر پر نل کا کنکشن دے کر پانی سربراہ کیا جارہا ہے، کسانوں کو کاشت کی آبپاشی کے لئے کالیشورم لفٹ ارریگیشن پراجکٹ کو مکمل کرتے ہوئے 45 لاکھ ایکر اراضی سیراب کی جارہی ہے۔ ہر سال 10 لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے کسانوں کو مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ اس پروگرام میں دھرمارام زیڈ پی ٹی سی پدمجا، ایم پی پی کرونا شری، ایگریکلچر مارکیٹ کمیٹی چیرمین بوچی ریڈی، پی اے سی ایس چیرمین بلرام ریڈی، بندھم روی، وینکٹ ریڈی، متعلقہ دیہات کے سرپنچ، تحصیلدار، ایم پی ڈی اوز، استفادہ کنندگان، عوام، ضلعی عہدیداران و دیگر نے شرکت کی۔