پلوامہ حملہ : سارے ملک میں مخالف پاکستان احتجاج، بعض جگہ آتشزنی

,

   

جموں ؍ نئی دہلی ۔ 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے خلاف جس میں 40 سی آر پی ایف جوانوں کی جان گئی اور کئی دیگر زخمی ہوئے، ملک کے مختلف حصوں میں آج زبردست احتجاج کیا گیا اور موم بتی کے جلوس نکالے گئے جبکہ جموں سٹی میں مظاہروں کے دوران تشدد کے پیش نظر کرفیو لاگو کردیا گیا۔ پاکستان اور دہشت گردوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجیوں نے کرفیو کی خلاف ورزی کی اور ریالیاں نکالے جس پر پولیس کو جموں کے علاقوں ریزیڈنسی روڈ، کچی چھاؤنی اور ڈوگرا میں لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ احتاجیوں نے کئی سڑکوں پر ٹائر جلائے اور رکاوٹیں کھڑی کردیئے۔ بعض جگہوں پر گاڑیوں کو نذرآتش کیا گیا اور پتھراؤ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہے۔ قومی دارالحکومت انڈیا گیٹ اور جنرمنتر پر بڑی تعداد میں احتجاجی جمع ہوئے اور شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہاریگانگت کیا۔ مختلف سیاسی پارٹیوں، سماجی گروپوں اور تجارتی تنظیموں کے کارکنوں نے عام لوگوں کے ساتھ مل کر لکھنؤ اور دیگر ریاستی صدور مقام پر مظاہرے کئے۔ یوپی میں بریلی، اعظم گڑھ، میرٹھ، کانپور، الہ آباد اور شاہجہاں پور وغیرہ میں مظاہرے ہوئے۔ گورکھپور میں سماج وادی پارٹی ورکرس نے پاکستانی پرچم اور پڑوسی وزیراعظم عمران خان کا پتلا جلایا۔ بہار میں جہاں کے سنجے کمار سنہا اور رتن کمار ٹھاکر مہلوک فوجیوں میں شامل ہیں، دارالحکومت پٹنہ میں احتجاج کرتے ہوئے حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف ٹھوس کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ گجرات، مہاراشٹرا، مغربی بنگال اور راجستھان سے بھی احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔ آسام میں مختلف تنظیموں کے ارکان احتجاج میں حصہ لئے۔ عوام نے ریاست بھر میں شہیدوں کی یاد میں دیئے جلائے۔ گجرات کانگریس نے سابرمتی آشرم میں موم بتی کا جلوس نکالا۔ وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل نے بھی ریاست کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا۔ اجمیر میں درگاہ شریف کے دیوان سید زین العابدین علی خان نے آج حکومت سے اپیل کی کہ پاکستان کے زائرین کو درگاہ اجمیر شریف آنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ہر سال پاکستان سے کئی زائرین اجمیر آتے ہیں۔ پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد نے پلوامہ حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے جس کی وجہ سے سارے پاکستان کے خلاف عوام کے جذبات مشتعل ہیں۔ مختلف مقامات پر طلبہ سے لیکر سیاستدانوں اور سماجی تنظیموں کے ارکان عام لوگوں کے ساتھ مل گئے اور پاکستان کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔ راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے دہلی چیف اوم پرکاش نے انڈیا گیٹ پر کینڈل لائیٹ مارچ میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا ۔ انڈین یوتھ کانگریس کے لگ بھگ 100 ارکان تین مورتی مارگ پر جمع ہوئے اور پاکستان کے خلاف نعرے بلند کئے۔ نائب صدر آئی وائی سی سرینواس بی وی نے الزام عائدکیا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے خامیاں ہوئی ہیں جو حملہ کا مؤجب بنیں ۔

مودی کا مہلوک جوانوں کو خراج
نئی دہلی ۔ 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ میں ہلاک 40 سی آر پی ایف جوانوں کو آج شام یہاں پالم ٹیکنیکل ایریا میں آخری سلام پیش کیا۔ مہلوک جوانوں کی نعشیں فضائیہ کے خصوصی طیارہ کے ذریعہ شام میں دہلی کے پالم ایرپورٹس ایریا پہنچیں جہاں وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے نعشیں وصول کیں۔ مودی نے فوجیوں کے باقیات کے حامل تابوتوں کے قریب پلیٹ فارم گلہائے عقیدت پیش کیا۔