پولیس اور عوام کے باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے کی کوشش

   

کاماریڈی میں تلاشی مہم ، سائبر جرائم میں اضافہ پر ضلع ایس پی کا اظہارِ تشویش
کاماریڈی۔ 4 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاماریڈی ضلع پولیس کی جانب سے آج صبح شہر کے راجیو نگر کالونی اور ڈبل بیڈ روم مکانات کے علاقے میں ’’کمیونٹی کنٹاکٹ پروگرام‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ صبح 5 بجے سے 8:30 بجے تک جاری اس پروگرام میں تقریباً 160 پولیس افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا اور جرائم کی روک تھام میں عوامی شراکت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہوئے امن و امان کے قیام میں پولیس کا بھرپور تعاون کریں۔پروگرام کے دوران مختلف مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی جس میں 121 ٹو ویلر گاڑیاں، 36 آٹو رکشے اور 2 کاروں کی جانچ کی گئی۔ ان میں سے 11 گاڑیاں بغیر نمبر پلیٹ کے چلتی ہوئی پائی گئیں۔ پولیس نے 18 بیئر کی بوتلیں، 12 کوارٹر شراب کی بوتلیں اور ایک تلوار بھی ضبط کی۔ ایس پی نے واضح کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر تلواروں، چاقوؤں یا دیگر مہلک ہتھیاروں کے ساتھ تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کرکے نوجوانوں کو اکسانے یا عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گانجہ اور دیگر منشیات کی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور نقل و حمل قانوناً جرم ہے۔ ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے سائبر جرائم میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے جعلی ملازمتوں، ڈیجیٹل گرفتاری، او ٹی پی، کے وائی سی اور سرمایہ کاری کے نام پر ہونے والے فراڈ سے ہوشیار رہنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہونے کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1930 پر رابطہ کریں یا قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائیں۔ پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کراٹے کھلاڑی نوجوانوں کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی مدھوسودن، ٹاؤن ایس ایچ او نرہری، رورل انسپکٹر شری دھر، بھکنور انسپکٹر نریش، آر آئی سنتوش، نوین، کرشنا، ایس آئیز، آر ایس آئیز اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔