نومبر 2021 ء میں اسمبلی کا بائیکاٹ کیا تھا، سوشل میڈیا پر نائیڈو کی تقریر کا ویڈیو وائرل
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں صدر تلگودیشم چندرابابو نائیڈو نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنے عہد کی تکمیل کی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس دور حکومت میں تلگودیشم پارٹی کے ارکان کی تعداد کم تھی اور اسمبلی اجلاس میں چندرابابو نائیڈو کو ہمیشہ برسر اقتدار پارٹی سے تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑتا رہا۔ نومبر 2021 ء میں برسر اقتدار پارٹی کے بعض قائدین نے چندرابابو نائیڈو کی شریک حیات نارا بھونیشوری کے بارے میں بعض اہانت آمیز ریمارکس کئے جس کے خلاف چندرابابو نائیڈو نے ایوان میں اظہار خیال کے لئے وقت مانگا۔ اُس وقت کے اسپیکر ٹی سیتارام نے چندرابابو نائیڈو کو مائیک نہیں دیا اور برسر اقتدار پارٹی کے ارکان مسلسل طعنے کس رہے تھے، ایسے میں چندرابابو نائیڈو نے ایوان میں اعلان کیاکہ وہ دوبارہ اسمبلی کی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔ اُنھوں نے عہد کیاکہ وہ چیف منسٹر کے طور پر ہی اسمبلی میں داخل ہوں گے اور آندھراپردیش کے عوام میری توہین کا بدلہ لیں گے۔ چندرابابو نائیڈو نے 19 نومبر 2021 ء کو اسمبلی کا بائیکاٹ کردیا تھا جس کے بعد سے وہ کبھی بھی اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ اسمبلی چناؤ میں شاندار کامیابی کے بعد آج چیف منسٹر کے طور پر چندرابابو نائیڈو جب ایوان میں داخل ہوئے تو وہ غیرمعمولی جذباتی دکھائی دے رہے تھے۔ چندرابابو نائیڈو کے ایوان میں داخلہ کے بعد تلگودیشم کارکنوں اور چندرابابو نائیڈو کے حامیوں کی جانب سے 19 نومبر 2021 ء کی وہ تقریر سوشل میڈیا میں وائرل کی گئی جس میں چندرابابو نائیڈو بحیثیت چیف منسٹر ایوان میں قدم رکھنے کا عہد کررہے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے کہا تھا کہ یہ قانون ساز اسمبلی نہیں بلکہ کورؤ کی سبھا ہے جہاں خواتین کی توہین کی جاتی ہے۔ میں ایسی اسمبلی کا بائیکاٹ کرتا ہوں۔ 4 مرتبہ چیف منسٹر رہنے والے چندرابابو نائیڈو اتحادی جماعتوں کے 163 ارکان کے ساتھ دوبارہ برسر اقتدار آئے۔ 2021 ء کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا میں وائرل ہوئی اور عوام تبصرہ کررہے ہیں کہ قدرت نے چندرابابو نائیڈو کی توہین کا جگن موہن ریڈی سے بدلہ لے لیا ۔ واضح رہے کہ متحدہ آندھراپردیش میں تلگودیشم کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ نے بھی قائد اپوزیشن کے طور پر ایک مرحلہ پر یہ کہتے ہوئے ایوان کا بائیکاٹ کردیا تھا کہ وہ دوبارہ چیف منسٹر کے طور پر ایوان میں قدم رکھیں گے۔ این ٹی آر کا عہد بھی پورا ہوا اور وہ آئندہ الیکشن میں چیف منسٹر منتخب ہوئے تھے۔ تلگودیشم کی ویب سائٹ پر چندرابابو نائیڈو کی تقریر کا ویڈیو وائرل کیا گیا۔ 1