ڈپٹی ڈی ای او اور گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر امتحانات اُردو میں بھی منعقد کریں

   

لسانی انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں ، ٹی ایس میسا کی تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے اپیل
نظام آباد ۔ 12جون (راست) تلنگانہ اسٹیٹ مائنارٹی ایمپلائز سروس اسوسی ایشن TSMESA نے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کو ایک یاداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر (Dy. DEO) اور گزیٹڈ ہیڈ ماسٹر گریڈ-I کے منعقد ہونے والے امتحانات میں اردو کو بھی ذریعۂ امتحان کے طور پر شامل کیا جائے۔اسوسی ایشن نے اپنی یادداشت میں بتایا کہ اردو ریاست تلنگانہ کی دوسری سرکاری زبان ہے، اس لیے امتحانات کو صرف انگریزی اور تلگو تک محدود رکھنا اردو داں امیدواروں ، اساتذہ اور ملازمین کیلئے لسانی عدمِ مساوات کا باعث بن سکتا ہے۔ اردو کی شمولیت نہ صرف مساوی مواقع اور لسانی انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے بلکہ ریاست کی سرکاری زبان پالیسی اورآئینی اقدار کے بھی عین مطابق ہے۔یاد داشت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ امتحانات کے پرچہ سوالات، ہدایات اور دیگر متعلقہ مواد اردو زبان میں بھی فراہم کیے جائیں تاکہ اردو میڈیم امیدوار اس مسابقتی امتحانات میں حصہ لے سکیں۔اس موقع پر ٹی ایس میسا کے بانی و ریاستی صدر ایم اے فاروق احمد نے کہا کہ اردو کو امتحانی ذریعے میں شامل کرنا ریاست میں سماجی انصاف، لسانی مساوات اور جامع طرزِ حکمرانی کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہوگا۔ ریاستی اعزازی صدر ٹی ایس میسا معین الدین اور ریاستی پر یس سکریٹری ٹی ایس میسا سید احمد بخاری نے اُمید ظاہر کی کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے اردو میڈیم امید واروں کے ساتھ انصاف کرے گا۔