کاماریڈی میں بین ریاستی جرائم پیشہ گروہ کے 5 ارکان گرفتار

   

کاماریڈی۔ 5 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کاماریڈی پولیس نے بین الریاستی جرائم پیشہ گروہ جس کا تعلق مہاراشٹر اور مغربی بنگال سے ہے اس گروہ سے تعلق رکھنے والے پانچ رکنی افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 4 ہزار روپئے نقد رقم اور تین موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم راجیش چندرا، نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی مدھوسودن کی نگرانی میں ٹاؤن انسپکٹر نرہری کی قیادت میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے مسلسل گاڑیوں کی تلاشی، تکنیکی شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور فنگر پرنٹ جانچ کی مدد سے اس بین الریاستی گروہ کو گرفتار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ 4 اگست کو جئے شنکر کالونی، کاماریڈی کے رہائشی اجن نریش اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر کو تالا لگا کر باہر گئے تھے۔ اسی دوران نامعلوم افراد نے گھر کا تالا توڑ کر اندر موجود سامان کو بکھیر دیا اور ٹی وی کے قریب رکھے ہوئے 2 ہزار روپئے چرا لیے۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر کاماریڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے فوری تحقیقات شروع کی گئیں۔ بعد ازاں کاماریڈی ریلوے اسٹیشن پر خصوصی تلاشی کے دوران علی الصبح مشتبہ حالت میں گھومنے والے پانچ افراد کو حراست میں لے کر ان کے فنگر پرنٹس کی جانچ کی گئی، جس سے ان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کا انکشاف ہوا۔ دوران تفتیش ملزمان نے کاماریڈی میں گھر میں چوری کرنے اور مزید وارداتوں کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے تلنگانہ، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اُترپردیش، بہار، راجستھان، گجرات، دہلی، کرناٹک اور تمل ناڈو سمیت مختلف ریاستوں میں تقریباً 80 جرائم، جن میں صرف بنگلورو میں 50 سے زائد وارداتیں شامل ہیں، انجام دینے کا اعتراف کیا۔گرفتار شدگان کی شناخت محمد علی رزاق محمد ناصر، محمد صادق محمد شاہد رزاق چاروں ساکنان کامپٹی، ناگپور (مہاراشٹر)، اور ایس کے فیضان ساکن مغربی بنگال کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 4 ہزار روپئے نقد رقم اور تین موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ ملزمان کے خلاف کاماریڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن، نظام آباد ٹاؤن۔I اور ٹاؤن۔II پولیس اسٹیشنوں کے علاوہ مہاراشٹر کے بلارشاہ اور چندرپور پولیس اسٹیشنوں میں بھی مقدمات درج ہیں، جبکہ حیدرآباد کے نارائن گوڑہ، چارمینار، مارکیٹ اور اپّل پولیس اسٹیشنوں سمیت مختلف ریاستوں میں بھی ان کے خلاف چوری، ڈکیتی اور دھوکہ دہی کے متعدد مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ضلع ایس پی ایم۔ راجیش چندرا، نے اس اہم مقدمے کو قلیل مدت میں حل کرتے ہوئے بین الریاستی جرائم پیشہ گروہ کو گرفتار کرنے پر ٹاؤن انسپکٹر نرہری، سب انسپکٹران سائی کرشنا اور بھونیشور، کانسٹیبلس راجو، سمپت اور سی سی ایس عملہ سوامی اور کشن سمیت پوری پولیس ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔