کانگریس حکومت میں اسکیمس صفر، ہر طرف اسکامس : ہریش راؤ

   

ری ریمبرسمنٹ، اسکالرشپ، ملازمتوں کی فراہمی میں کانگریس حکومت پوری طرح ناکام
حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ریونت ریڈی کی قیادت میں کوئی نئی فلاحی اسکیم شروع نہیں ہوئی بلکہ ہر محاذ پر صرف اسکامس منظر عام پر آرہے ہیں۔ اُنھوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کے قائدین صرف ووٹ بٹورنے کے لئے عوام کے درمیان پہونچتے ہیں اور کام نکل جانے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔ سدی پیٹ ٹاؤن کے 29 ویں وارڈ میں بی آر ایس پارٹی کے نئے آفس کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کہاکہ حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے، تاحال فیس ریمبرسمنٹ اور اسکالرشپ کی رقم جاری نہیں کی گئی۔ کانگریس نے بیروزگار نوجوانوں کو سال میں 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا لیکن ڈھائی سال مکمل ہونے کے بعد بھی یہ حکومت 20 ہزار ملازمتیں فراہم نہیں کرسکی۔ انھوں نے کہاکہ بتکماں، دسہرہ، رمضان یا کرسمس تہواروں کی خوشی ہو یا کوئی مشکل وقت کانگریس والے کبھی نظر نہیں آتے۔ یہ صرف بی آر ایس پارٹی ہی ہے جو ہر موڑ پر عوام کے درمیان بھائی بہنوں کی طرح کھڑی رہتی ہے۔ ہریش راؤ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں سدی پیٹ سے بچوں کے لئے وٹرنری کالج منظوری کروایا تھا جس کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے اسمبلی حلقہ کوڑنگل کو منتقل کردیا ہے۔ سدی پیٹ کی ترقی کانگریس حکومت کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔ شلپارامم کاموں کو رُکوادیا گیا ہے۔ اس طرح رنگناتھ ساگر کے قریب سیاحتی مرکز کے کاموں کو جان بوجھ کر ٹھپ کردیا گیا ہے۔V/2