قومی سطح پر او بی سی مردم شماری کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) قومی سطح پر طبقاتی سروے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور حکومت کے مشیر برائے بی سی امور پی ہنمنت راؤ کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال آج دوسرے دن میں داخل ہوگئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد سے ایک دن قبل ہنمنت راؤ نے اپنی قیام گاہ پر بھوک ہڑتال شروع کی تاکہ ملک بھر میں او بی سی طبقات کی تفصیلات حاصل کرنے اور مردم شماری میں او بی سی زمرہ کو شامل کرنے کے مطالبہ پر زور دیا جاسکے۔ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے قائدین نے عنبرپیٹ پہنچ کر ہنمنت راؤ سے اظہار یگانگت کیا۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار پورنا چندر، نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی، سریش کمار، لکشمن یادو، سریکانت گوڑ اور میڈیا اکیڈیمی کے صدر نشین سرینواس ریڈی نے ہنمنت راؤ سے ملاقات کی اور اظہار یگانگت کیا۔ مرکزی حکومت نے کانگریس قائد راہول گاندھی کے مطالبہ پر ملک بھر میں طبقاتی سروے کا اعلان کیا تھا لیکن جاریہ مردم شماری میں او بی سی طبقات کی تفصیلات کا زمرہ شامل نہیں کیا گیا ہے۔ پسماندہ طبقات سے انصاف کے لئے ہنمنت راؤ نے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تاکہ سماجی انصاف، تحفظات اور بی سی طبقات کو عملی سیاست میں موثر نمائندگی جیسے امور پر جدوجہد کی جاسکے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مرکز کی جانب سے مثبت ردعمل تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔ 1؍F