حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے قائد اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ حکمران کانگریس کا حقیقی چہرہ چار ماہ کے اندر عوام کے سامنے ظاہر ہوگیا ہے کیوں کہ کانگریس نے اپنے وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے عوام کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ حلقہ لوک سبھا میدک کے بی آر ایس امیدوار بی وینکٹ رام ریڈی کی حمایت میں منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ خواتین کے لئے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی اسکیم کے سوائے حکومت نے کوئی دوسرے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا ہے۔ ہریش راؤ نے یہ پوچھا کہ 2 لاکھ روپئے زرعی قرض کی معافی جس پر 9 ڈسمبر ہی کو عمل درآمد کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، ماہانہ 4000 روپئے کے اضافی سوشل سکیورٹی پنشن، خواتین کے لئے اہانہ 2500 روپئے کی مالی مدد کی فراہمی، دھان کے لئے فی کنٹل 500 روپئے بونس دینے اور دوسرے وعدوں کا کیا ہوا۔