کانگریس کے بوتھ لیول ایجنٹس کا کل لال بہادر اسٹیڈیم میں اجلاس

   

صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کا خطاب، ریاست بھر سے سرگرم کارکنوںکی شرکت
حیدرآباد /23جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے تحت 25 جنوری کو لال بہادر اسٹیڈیم میں بوتھ لیول ایجنٹس کا اجلاس منعقد کیا ہے۔ ریاست سے تعلق رکھنے والے بوتھ لیول ایجنٹس شرکت کریں گے اور انہیں لوک سبھا انتخابات میں رائے دہی کے موقع پر چوکسی سے واقف کرایا جائیگا۔ اجلاس میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے مہمان خصوصی ہوں گے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی و ورکنگ صدر مہیش کمار گوڑ نے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست کے تمام اسمبلی اور لوک سبھا حلقہ جات کے بوتھ لیول ایجنٹس کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور بہتر انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ ریونت ریڈی نے ضلع کانگریس صدور کو مشورہ دیا کہ بوتھ لیول ایجنٹس کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ 25 جنوری کو 2 بجے دن سے شام 5 بجے تک لال بہادر اسٹیڈیم میں اجلاس منعقد ہوگا۔ اسمبلی انتخابات میں جس طرح بوتھ لیول ایجنٹس نے اہم رول ادا کیا اسی طرح لوک سبھا چناؤ کی رائے دہی کیلئے بھی ضروری ہدایات دی جائیں گی۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے خطاب کریں گے۔ حکومت کی جانب سے وعدوں کی تکمیل اور سرکاری اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے رہنمائی کی جائے گی۔ اجلاس میں تمام پولنگ بوتھس ایجنٹس کے علاوہ الیکشن میں سرگرم رول ادا کرنے والے قائدین سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔1