حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے تین لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان توقع ہے کہ 6 اپریل کے بعد ہوگا۔ 6 اپریل کو تکو گوڑہ میں کانگریس کا قومی انتخابی منشور جاری کیا جارہا ہے جس میں راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے شرکت کریں گے۔ کانگریس پارٹی نے 17 لوک سبھا حلقوں میں 14 حلقہ جات کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ کھمم ، کریم نگر اور حیدرآباد کے امیدواروں کے ناموں کو مختلف وجوہات کے سبب جاری نہیں کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی کے دورہ حیدرآباد کے بعد کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ناموں کو قطعیت دی جائے گی۔ تکو گوڑہ کے جلسہ عام کی تیاریوں میں مصروفیت کے سبب چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی دورہ سے قاصر ہیں۔ کانگریس کا انتخابی منشور 5 اپریل کو جئے پور میں جاری کیا جائے گا جبکہ منشور کا تلگو ترجمہ 6 اپریل کو تلنگانہ میں جاری ہوگا۔ راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی شرکت متوقع ہے۔ قومی قائدین کے مصروف شیڈول کے نتیجہ میں لوک سبھا امیدوار کے ناموں پر فیصلہ کو ملتوی کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کا ماننا ہے کہ کریم نگر اور کھمم لوک سبھا حلقوں کیلئے سینئر قائدین کے درمیان دعویداری نے ہائی کمان کو الجھن میں مبتلا کردیا ہے ۔ راہول گاندھی کی موجودگی میں پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی امیدواروں کو قطعیت دے گی۔ 1