رائفل شوٹنگ کوچ صادق خان گرفتار
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : رائفل شوٹنگ کوچ صادق خان کو جو کاکیناڈا کے پنچایت راج کے اسسٹنٹ انجینئر ٹی سوکا راجو کے خاندان کے اجتماعی خود کشی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا اسے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ گذشتہ پانچ دنوں سے دس سب انسپکٹرس سمیت 40 رکنی پولیس فورس ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کرتے ہوئے اسے جمعہ کو دہلی میں گرفتار کرلیا اور امکان ہے کہ اسے اتوار تک کاکیناڈا لایا جائے گا ۔ پولیس ان الزامات کی تحقیقات کررہی ہے کہ انجینئر راجو کے خاندان کی سنسنی خیز اجتماعی خود کشی اور ان کے داماد جگدیشور ریڈی کی موت کے پیچھے صادق کا ہاتھ تھا یا نہیں ۔ صادق پر الزام ہے کہ وہ راجو کی بیٹی سوجنیا کی نجی تفصیلات اور تصویریں منظر عام پر لانے کی دھمکی دے کر پورے خاندان کو ہراساں کررہا تھا ۔ جس کی وجہ سے پورا خاندان اس ماہ کی 16 کو گوداوری ندی میں چھلانگ لگاکر خود کشی کرلی ۔ خود کشی سے قبل راجو نے ایک خط تحریر کر کے اسے واٹس ایپ کردیا تھا ۔ سوجنیا کے دستخط شدہ ایک اور خط میں اس نے الزام لگایا تھا کہ صادق اس کے شوہر کو زہر دے کر قتل کیا تھا اور اس اسلام قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ ان دونوں ثبوت کی بنیاد پر صادق کے خلاف راجہ مہیندرا ورم ٹو ٹاون اور کاکیناڈا کے سرپاورم پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔۔ ش m/b