کراچی نے پہلی مرتبہ پی ایس ایل خطاب جیت لیا

   

کراچی ۔ کراچی کنگز پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے فائنل میں لاہور قلندرز کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر چمپئن بن گئی۔ بابر اعظم لاہور قلندرز کے سامنے سخت دیوار بن گئے اورکراچی کنگز کو پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا چمپئن بنوادیا۔آسان ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم سمت پٹیل کی گیند پر شرجیل خان 13 رنز بناکر 23کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا لیکن دوسری جانب سے 49 کے مجموعی اسکور پرالیکس ہیلزکی صورت میں کراچی کنگزکو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، انہیں دلبرحسین نے بولڈکیا۔ اس کے بعد چڈوک والٹن نے بابر کے ساتھ 61 رنز کی شراکت بنائی اور 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔کراچی کنگز 110 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہوئی لیکن شاید اس کے لیے یہ زیادہ نقصان نہ تھا کیونکہ بابر اعظم کریز پر موجود تھے۔ بابر اعظم نے 63 رنز کی ناقابلِ شکست اننگزکھیلی جبکہ کپتان عماد وسیم نے چوکا لگاکر ٹیم کو پہلی مرتبہ پی ایس ایل خطاب جتوادیا۔ لاہورقلندرزکی جانب سے دلبرحسین اورحارث رؤف نے فی کس دو جبکہ سمت پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔کراچی کنگز کے بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی سمیت میں آف دی ٹورنمنٹ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔