مقامی عوام جان بچانے دوڑ پڑے ۔ متوفی خاندان کیلئے چھ لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان
حیدرآباد 16اپریل( سیاست نیوز) کشائی گوڑہ میں صبح کی اولین ساعتوں میںایک میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے تین افراد زندہ جھلس کر فوت ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق میڑچل ملکاجگیری کشائی گوڑہ علاقہ میں یہ واقعہ آج صبح کی اولین ساعتوں 3 بجے پیش آیا۔ مقامی عوام نے اچانک آگ بھڑک اٹھنے پر پولیس اطلاع کو دی جس پر تین فائربریگیڈس وہاں پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کوششوں کا آغاز کردیا۔ فائربریگیڈ عہدیداروں اور پولیس کو اطلاع ملی کہ متصل عمارت میں دوسری منزل پر ایک خاندان پھنسا ہوا ہے ۔بچاؤٹیم فوری طورپر عمارت پہنچی اور پہلی منزل پر ایک شخص، خاتون اور ایک لڑکے کی نعشوں کو پایا مہلوکین کی شناخت نریش، سوما اور ان کی 5 سالہ بیٹی جوشیتا کے طورپر کی گئی جو مکان میں سورہے تھے ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی افرادخوف کے عالم میں جان بچانے دوڑپڑے ۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ان تینوں کی موت دھوئیں سے دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے گاندھی اسپتال منتقل کردیاگیا۔اس واقعہ پر مئیر وجئے لکشمی نے گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔مئیر نے اس خاندان کے لئے 6لاکھ روپئے معاوضہ کی رقم کا اعلان کیا۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت خاندان کی ہرممکن مدد کرے گی۔ نریش کے والد چنیا نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا بیٹا کشائی گوڑہ میں مقیم تھا اور ایک مقامی کمپنی میں ڈرائیور تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے کے دو بچے ہیں۔ بڑے پوتے کو ان کے چچا 15 اپریل کو لے گئے تھے ۔ کشائی گوڑہ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں پتہ لگایا کہ ٹمبر ڈپو کے پاس کوئی پرمٹ نہیں تھا اور نہ آگ پر قابو پانے احتیاطی اقدامات کئے گئے تھے۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ ادے نامی شخص نے یہ جگہ لیز پر لی تھی اور وہ ٹمبر ڈپو چلا رہا تھا۔ ٹمبر ڈپو لیبر لائسنس اور فائر پرمٹ کی تعمیل کے بغیر چلایاجارہا تھا۔ ادے کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تمام زاویوں سے اس معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ۔وزیر لیبر ملاریڈی نے یقین دہانی کروائی کہ مہلوکین کے ورثا کو معاوضہ فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرکے ٹمبر ڈپو چلانے والے مالک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے وسط میں واقع کمرشل کامپلکس کو نوٹس پہلے ہی جاری کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں آبادی کے وسط میں ٹمبر ڈپو کی تفصیلات حاصل کرکے ایسے واقعات کو روکنے تمام اقدامات کیے جائیں گے ۔ پولیس نے ٹمبر ڈپو مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ب