کشمیر بین الاقوامی سرحد پر بڑی سرنگ دستیاب

,

   

سامبا سیکٹر میں پاکستان کی طرف سے زیرزمین بڑے پیمانے پر دراندازی کا انکشاف

سرینگر : جموں و کشمیر کے سامبا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک زیرزمین بڑی سرنگ دستیاب ہوئی ہے۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے ہندوستان میں دراندازی کیلئے دہشت گردوں نے یہ سرنگ بنائی ہے ۔ جیش محمد کے 4 انتہاپسندوں نے اس سرنگ کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں دراندازی کی ۔ ان تمام چاروں دہشت گردں کو کشمیر کے ایک ٹرک سے فائرنگ کے بعد انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا تھا ۔ اس ٹرک میں یہ دہشت گرد سفر کررہے تھے ۔ جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر بین ٹول پلازہ پر چیکنگ کیلئے جب ٹرک کو روکا گیا تو اس میں سے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی ۔ جوابی فائرنگ میں چاروں دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا ۔ 11 اے کے رائیفلس ، 3 پستول ، 29 گرینائیٹس اور 6 یو پی جی ایل بم بھی برآمد کئے گئے ۔ یہ چاروں دہشت گرد ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کو درہم برہم کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے ۔ یہ انتخابات /28 نومبر سے 8 مرحلوں میں منعقد ہورہے ہیں ۔ مہلوک دہشت گردوں کے قبضہ سے برآمد مواد کی بنیاد پر یہ شبہ کیا جارہا ہے کہ زیرزمین سرنگ کے ذریعہ پاکستان سے کئی دہشت گرد کشمیر میں گھس گئے ہیں ۔ ضلع سامبا میں جب اس سرنگ کا پتہ چلا تو سکیورٹی فورس کو چوکس کردیا گیا ۔ بی ایس ایف نے /20 نومبر سے یہاں پر انسداد سرنگ آپریشن کا بڑے پیمانے پر آغاز کیا تھا ۔ بی ایس ایف کو شبہ تھا کہ اس طرح کی سرنگ ضلع سامبا میں ریگل موضع کے قریب موجود ہوگی ۔ اس آپریشن میں فوج اور پولیس بھی شامل ہے ۔ یہ آپریشن ہنوز جاری ہے ۔ بی ایس ایف کے عہدیداروں کے مطابق اس زیرزمین سرنگ کا پٹرول پارٹی نے پتہ چلایا ۔ بی ایس ایف کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ جمعہ سے یہاں پر سرنگوں کی تلاش شروع کی گئی تھی ۔ ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ زیرزمین سرنگ 150 میٹر لمبی ہے ۔ سکیورٹی فورسیس کو اطلاع ملتی تھی کہ سامبا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب 4 دہشت گردوں نے دراندازی کی ہے ۔
پولیس کے مطابق مہلوک دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ کے علاوہ ریمورٹ کنٹرول ، موبائیل فون ، خشک میوے ، پاکستان میں تیار کردہ ادویات بھی برآمد کئے گئے ہیں ۔