کشمیر میں زائد از 12 سو افراد نے تمباکو نوشی ترک کی

   

سری نگر: وادی کشمیر میں جہاں منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کیلئے پولیس اور متعلقہ محکمے نے ایک ہمہ گیر مہم چھیڑ رکھی ہے وہیں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے لوگوں کو تمباکو نوشی جیسی مضر صحت عادت سے چھٹکارا دلانے کیلئے اقدام اور جانکاری مہم چلائی جا رہی ہیں۔ایک طرف منشیات مخالف مہموں کے دوران منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جاتا ہے اور ان کی کونسلنگ کی جاتی ہے اور ان کا علاج کیا جاتا ہے وہیں تمباکو نوشی کے خلاف جاری مہموں کے بھی حوصلہ افزا نتائج بر آمد ہو رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق وادی میں گذشتہ چار برسوں کے دوران قریب 12 سو افراد نے تمباکو نوشی کو خیر باد کہہ دیا ہے ۔مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق کشمیر میں سال 2022-23 کے دوران147 افراد نے تمباکو نوشی سے کنارہ کشی اختیار کی جبکہ سال2021 -22 کے دوران 642 افراد، سال 2020-21 کے دوران212 افراد اور سال2019۔ 20کے دوران 194 افراد نے تمباکو نوشی ترک کی۔