سرینگر:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکرناگ کے جنگل علاقے میں اتوار کو مسلسل پانچویں روز بھی سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ اتوار کی صبح تصادم کی جگہ متعدد آئی ای ڈی دھماکے ہوئے جس وجہ سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کمین گاہ کو پوری طرح سے تباہ کیا۔ پولیس کیمطابق تصادم آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔