مرکزی حکومت نے ہفتے کے روز ایل آئی سی کے آئی پی او کے اعداد و شمار سے متعلق ان رپورٹوں کو محض قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیاہے جس میں دعویٰ کیا گیاہے کہ سال 2021 میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہیں۔ ملک کو 2021 میں اپریل اور مئی کے دوران وبائی بیماری کی تباہ کن دوسری لہر کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی وزارت صحت نے ہفتے کے روزکہاہے کہ ملک میں کووڈ-19 کی وجہ سے ہونے والی اموات کے معاملات درج کرنے کے لیے پنچایت، ضلع اور ریاستی سطح پر ایک شفاف اور موثر طریقہ کار موجود ہے۔ وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ موت کے کیسز کے اندراج پر بھی نظر رکھی جاتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ LIC کی طرف سے جاری کیے جانے والے مجوزہ IPO سے متعلق میڈیا رپورٹس میں پالیسیوں اور بیمہ کنندہ کی طرف سے طے شدہ دعووں کی تفصیلات دی گئی ہیں، تاکہ قیاس آرائی پر مبنی اور متعصبانہ تشریح کی جا سکے۔ بیان کے مطابق اس متعصبانہ تشریح کا مقصد یہ ظاہر کرنا ہے کہ کووِڈ سے مرنے والوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ رپورٹ بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہے۔