کھمم سے غیر مقامی کما لیڈر کو کانگریس ٹکٹ کا امکان

   

تین نشستوں پر ہائی کمان کا عنقریب فیصلہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی تلنگانہ میں تین لوک سبھا حلقوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اندرون دو یوم اعلان کردے گی۔ کھمم ، کریم نگر اور حیدرآباد حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان باقی ہے اور توقع ہے کہ اے آئی سی سی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی جلد ہی فیصلہ کرے گی۔ پارٹی کو کھمم امیدوار کے انتخاب کے سلسلہ میں الجھن کا سامنا ہے کیونکہ تین ریاستی وزراء بھٹی وکرمارکا ، ٹی ناگیشور راؤ اور پی سرینواس ریڈی نے اپنے رشتہ داروں کے نام پیش کئے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ پارٹی ہائی کمان کھمم سے کما طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو امیدوار بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ مقامی سطح پر اختلافات دور کرنے کیلئے کسی غیر مقامی کما لیڈر کو امیدوار بنایا جاسکتا ہے اور اس سلسلہ میں سابق وزیر ایم وینکٹیشور راؤ اور راجندر پرساد کے نام زیر غور بتائے گئے ہیں۔ تینوں وزراء کے کسی رشتہ دار کو ٹکٹ دینے کی صورت میں باقی دونوں وزراء میں ناراضگی کا اندیشہ ہے ، لہذا کھمم سے باہر کے کسی کما لیڈر کو امیدوار بنانے پر غور و خوض جاری ہے۔ ایم وینکٹیشور راؤ کا تعلق نظام آباد ضلع سے ہے لیکن وہ کما طبقہ میں کافی مقبول بتائے گئے ہیں۔ کانگریس نے راجیہ سبھا کیلئے رینوکا چودھری کو منتخب کیا تھا جن کا تعلق کما طبقہ سے ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لوک سبھا کے لئے بھی کما طبقہ کو نمائندگی دی جائے گی۔ ایم وینکٹیشور راؤ نظام آباد کے ڈچپلی اور نظام آباد اربن حلقہ جات سے پانچ مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے۔ وہ تلگو دیشم دور حکومت میں ایکسائز ، ایجوکیشن اور آبپاشی کے وزیر تھے۔ انہوں نے اپریل 2019 ء میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی اور نومبر 2023 میں کانگریس میں شامل ہوئے۔ 1