تھرواننتاپورم۔ 13 ستمبر (یو این آئی)کیرالا میں 16 ستمبر سے ریاست کے تمام 5,415 عوامی صحت مراکز پر خواتین کے لیے خصوصی ویلنس کلینک کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔ ہر منگل کو کھلنے والے ان کلینکس میں خواتین کے لیے موٹاپا، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، کینسر اور دیگر صحت کے مسائل کی مفت جانچ کی جائے گی۔ فیس بک لائیو سیشن کے ذریعہ صحت کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ یہ قدم خواتین کی صحت پر ریاست کی ترجیح کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا پہلے ہی 18 لاکھ سے زائد خواتین کی کینسر کی جانچ کرچکا ہے اور خون کی کمی (انیما) کے خلاف مہم بھی شروع کرچکا ہے ۔ نئے کلینک احتیاطی دیکھ بھال کو مضبوط بنائیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیرالا کے بچوں کی اموات کی شرح (آئی ایم آر) اب امریکہ سے کم ہے اور اس کامیابی کا کریڈٹ طبی کارکنوں کو دیا جاتا ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت نے اپنے دور حکومت میں 5415 عوامی صحت مراکز اور 885 خاندانی صحت مراکز قائم کیے ہیں، اور ساتھ ہی تالوکہ سطح تک خصوصی خدمات کو بھی وسیع کیا گیا ہے ۔