بھٹی وکرامارکا، دیپا داس منشی، عامر علی خاں اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/20 اگسٹ،( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی 80 ویں جینتی کے موقع پر خراج پیش کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی دیپا داس منشی نے راجیوگاندھی کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج پیش کیا۔ اس موقع پر ارکان قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں، مہیش کمار گوڑ، رکن راجیہ سبھا انیل یادو، سابق ارکان راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو، ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہر الدین، صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی، صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی اور آنجہانی قائد کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی میں راجیو گاندھی کے اہم رول کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے 18 سال عمر کے نوجوانوں کو رائے دہی کا حق دیا ہے اس کے علاوہ مجالس مقامی کو زائد اختیارات کے لئے دستور میں ترمیم کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اقتدار سے محرومی کے سبب بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں کی تکمیل اور خاص طور پر کسانوں کی قرض معافی اسکیم کی کامیابی کے خلاف غیر ضروری پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ دس سال تک کسانوں کا ایک لاکھ روپئے کا قرض معاف نہیں کیا گیا لیکن اب دو لاکھ کا قرض معاف کرنے والی حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ عوام بی آر ایس کے پروپگنڈہ پر ہرگز بھروسہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے نوجوانوں کو عصری ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کیا تھا۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے اپنی جان قربان کی ہے۔1